فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی،2 ارب 72 کروڑ روپے کے مالی سال 2025-26 کے تخمینہ جات اور گزشتہ مالی سال کے نظر ثانی شدہ بجٹ کی اتفاق رائے سے منظوری

کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (FDA) کے بورڈ آف گورنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 2 ارب 72 کروڑ روپے کے حجم پر مشتمل ایف ڈی اے کے سالانہ بجٹ برائے مالی سال 2025-26 کے تخمینہ جات اور گزشتہ مالی سال کے نظر ثانی شدہ بجٹ کی اتفاق رائے سے منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر، ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد اصف چوہدری، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ایڈیشنل کمشنر آصف حیات، محکمہ فنانس، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، ہاؤسنگ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندہ افسروں نے شرکت کی جبکہ چیف انجینیئر ایف ڈی اے مہر ایوب، ڈائریکٹرز یاسر اعجاز چٹھہ،جنید حسن منج، اسماء محسن، سہیل مقصود پنوں اور ایف ڈی اے کے دیگر افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔ ڈی جی ایف ڈی اے آصف چوہدری نے ادارے کے ذرائع آمدن، وسائل کی تقسیم اور بجٹ کے نمایاں خدوخال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ایف ڈی اے کی مالیاتی حکمت عملی اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔ ایجنڈا کے مطابق ملازمین کی تنخواہوں، پینشن اور دیگر امور کے بارے میں حکومت پنجاب کے احکامات و نوٹیفکیشنز پر عملدرآمد کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں ایف ڈی اے سٹی کے نادہندہ الاٹیز سے دو ہزار روپے فی مرلہ سرچارج کے ساتھ ڈویلپمنٹ اور اضافی ڈویلپمنٹ کے واجبات کی وصولی کی تاریخ میں 30 جون 2026 تک توسیع دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

کمشنر فیصل آباد نے بجٹ کے تخمینہ جات کو جدید دور کے تقاضوں اور شہری ترقی کے نئے منصوبوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کے وژن کے مطابق سرکاری اداروں کو فعال بنانا اور سروس ڈیلیوری کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کرنا اولین ترجیح ہے۔ انہوں تاکید کی کہ شہری ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے بڑے منصوبوں کے لیے جوائنٹ وینچر (Joint Venture) کا طریقہ کار اپنایا جائے تاکہ نجی شعبے کی سرمایہ کاری سے شہر کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ذرائع آمدن میں اضافے کے لیے بزنس ماڈلز ترتیب دے کر پرکشش منصوبوں پر عملدرآمد کی حکمت عملی تیار کرنے کا حکم دیا۔ کمشنر نے کہا کہ ایف ڈی اے کے افسران مختص کردہ فنڈز کا شفاف اور بروقت استعمال یقینی بنائیں تاکہ ترقیاتی ثمرات براہ راست عوام تک پہنچ سکیں۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے بتایا کہ ایف ڈی اے کی طرف سے ملت ٹاؤن میں دستیاب ہونے دو کنال اراضی نادرا آفس کے قیام، ایف ڈی اے سٹی میں ساڑھے آٹھ کنال اراضی پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی( پی ٹی اے) کے دفاتر کے قیام، تقریباً 13 کنال رقبہ ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلیجنس اینڈ انویسٹیگیشن ان لینڈ ریونیو (ایف بی آر) کے قیام کے لیے فروخت کیا جا رہا ہے جس سے ادارے کو مالی استحکام حاصل ہو گا۔

جواب دیں

Back to top button