ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت کالام شاہی گراؤنڈ میں سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر سے متعلق اجلاس

ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت کالام شاہی گراؤنڈ میں سپورٹس سٹیڈیم کی تعمیر سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کی پیش رفت، درپیش تکنیکی و انتظامی مسائل، قبائلی عمائدین کے ساتھ زمین کے معاوضے کے معاملات اور دیگر متعلقہ پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محب اللہ خان یوسفزئی، ڈپٹی ڈائریکٹر ورکس ڈائریکٹریٹ (ویڈیو لنک)، اسسٹنٹ کمشنر بحرین و ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بحرین اور نمائندہ ریجنل سپورٹس سوات بھی شریک تھے۔ڈپٹی کمشنر سوات نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالام کے قبائلی مشران کے ساتھ زمین کے معاوضے اور دیگر امور کے حل کے لیے جامع حکمتِ عملی وضع کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ایک کمیٹی کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا جو جلد کالام میں عمائدین کے ساتھ جرگے منعقد کرے گی اُن کے تحفظات سنے گی اور اتفاقِ رائے سے مسائل کے مستقل حل اور منصوبے کی روانی کے لیے لائحہ عمل مرتب کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم کی تعمیر نہ صرف کالام کی نوجوان نسل کو معیاری سپورٹس سہولیات فراہم کرے گی بلکہ علاقے کی مجموعی ترقی، سیاحت کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے کا باعث بھی بنے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکنیکی رکاوٹوں کے حل، فنڈز کے مؤثر استعمال اور معیاری تعمیراتی معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ڈپٹی کمشنر سوات نے یہ بھی واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مفاد کے ہر ترقیاتی منصوبے کو شفافیت، مشاورت اور زمینی حقائق کے مطابق آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے تمام اداروں کو مربوط رابطہ کاری، بروقت رپورٹنگ اور فیلڈ میں مؤثر موجودگی یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ سٹیڈیم کی تعمیر میں مزید تاخیر نہ ہو۔آخر میں ڈپٹی کمشنر سوات نے امید ظاہر کی کہ جرگہ کمیٹی کی معاونت اور قبائلی مشران کے تعاون سے تمام مسائل خوش اسلوبی سے حل ہو جائیں گے اور کالام اسٹیڈیم کا منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل ہو کر علاقے کی ترقی کا نیا سنگِ میل ثابت ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button