پی ڈی پی: پہلے مرحلے میں 9 شہروں میں ترقیاتی سکیموں کا جائزہ،اٹک، لیہ، کامونکی، ڈسکہ، خانیوال، وہاڑی، وزیرآباد، بہاولنگر اور خوشاب شامل

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر اسد محمود نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) میں پیشرفت پر بریفنگ دی۔ سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے مینجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں پنجاب کے نو شہروں میں سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی پی کے پہلے مرحلے میں اٹک، لیہ، کامونکی، ڈسکہ، خانیوال میں کام شروع ہوگا۔ وہاڑی، وزیرآباد، بہاولنگر اور خوشاب بھی پہلے فیز میں شامل ہیں۔ لاہور کے سوا 9 ڈویژنز کے شہروں میں ترقیاتی سکیمیں مکمل کی جائیں گی۔ لاہور میں پہلے ہی ڈویلپمنٹ پروگرام تکمیل کی جانب بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار 200 شہروں میں سیوریج سسٹم اور زیر زمین واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔ پی ڈی پی کے تحت اندرونی سڑکوں کی مرمت ہوگی جبکہ تمام کچی گلیاں پختہ کی جائیں گی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ سٹریٹ لائٹس اور پارکوں کی بحالی بھی اس پروگرام کا حصہ ہے۔ بارانی پانی کے موثر نکاس کیلئے ڈسپوزل سٹیشنز کی صلاحیت بڑھائی جائے گی۔ اس کے علاوہ تمام ڈسپوزل سٹیشنوں کی سولرائزیشن کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج واٹر کی محفوظ ٹریٹمنٹ کیلئے جدید پلانٹس لگائے جا رہے ہیں۔ سیوریج واٹر کے محفوظ نکاس کیلئے بائی پاس سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ٹینڈرنگ کا عمل اکتوبر میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلٰی مریم نواز شریف نے پی ڈی پی میں شہروں کی اگلے 25 سال کی ضروریات سامنے رکھنے کا حکم دیا ہے۔ پنجاب حکومت پی ڈی پی پر 304 ارب روپے خرچ کر رہی ہے۔ ذیشان رفیق نے سپیشل سیکرٹری کو ٹیکنیکل سٹاف کی متعلقہ شہروں میں جلد تقرر کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ ڈپٹی کمشنر اور میونسپل چیف آفیسر سے لازمی مشاورت کی جائے۔ پی ڈی پی کیلئے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا میکانزم بنایا گیا ہے۔ پہلی بار لائننگ والے سیوریج پائپ کا کلچر لایا جا رہا ہے۔ انشااللہ پی ڈی پی کا پہلا مرحلہ 18 سے 24 ماہ کے اندر مکمل ہو جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button