وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر صوبہ بھر میں یکساں شکایتی نظام کے نفاذ پر عملدرآمد شروع،ایم ڈی واسا غفران احمد کی سربراہی میں پنجاب بھر سے پانی و نکاسی آب کے مسائل سے نمٹنے کے لیے واسا لاہور کال سنٹر میں خصوصی سیل قائم کر دیا گیا ہے۔واسا لاہور ترجمان کے مطابق یہ کال سینٹر پنجاب بھر سے پانی و نکاسی آب کی عوامی شکایات وصول کرے گا۔
کال سنٹر کے قیام کے ساتھ ساتھ صارفین کے لیے پنجاب واسا اینڈرائڈ موبائل ایپلیکیشن بھی لانچ کی جائے گی۔اس کے علاوہ پنجاب واسا اینڈرائڈ موبائل ایپلیکیشن کی مدد سے بھی صارفین اپنی شکایات درج کروا سکیں گے۔1334 ہیلپ لائن کو صوبہ بھر میں 31 جنوری تک مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔ ترجمان واسا کے مطابق 1334 ہیلپ لائن اور اینڈرائڈ موبائل ایپ کے ذریعے شہری پانی کی فراہمی، سیوریج و صفائی، گمشدہ یا ٹوٹے ہوئے مین ہول کورز اور بلنگ سے متعلقہ مسائل کی شکایات ایک ہی مرکزی نظام کے تحت درج کروا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بنانا اور خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔ مرکزی ہیلپ لائن اور ایپلیکیشن کے قیام سے نہ صرف شکایات کے اندراج کا عمل آسان ہوگا بلکہ ان پر بروقت کارروائی بھی ممکن ہو سکے گی۔






