*ٹنل بورنگ ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی منصوبہ پنجاب کا ’’اسٹار پراجیکٹ‘‘ قرار*ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے وفد کی محکمہ ہاؤسنگ آمد*

محکمہ ہاؤسنگ پنجاب میں ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک (AIIB) کے وفد نے سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل سے ملاقات کی، جس میں قرض معاہدوں اور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان کے مطابق وفد نے ٹنل بورنگ ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی منصوبے کو پنجاب کا ’’اسٹار پراجیکٹ‘‘ قرار دیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نے منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ دی۔وفد میں شامل ماحولیاتی اور تکنیکی ماہرین نے منصوبے کے تکنیکی، ماحولیاتی اور عملی پہلوؤں کا جائزہ لیا اور پنجاب حکومت کے ساتھ دیگر ترقیاتی منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے ٹنل بورنگ منصوبے میں حائل تمام رکاوٹوں کو جلد از جلد دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے جدید اور دیرپا منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں۔جدید ممالک کی طرز پر ٹنل بورنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے سیوریج نظام بچھایا جائے گا، جس کے تحت لاہور میں لاریکس کالونی سے گلشن راوی تک 32 کلومیٹر طویل بوسیدہ سیوریج لائن کی تشکیل نو کی جائے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق اس منصوبے سے 25 لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہو سکے گی جبکہ ٹرینچ لیس ٹیکنالوجی کے باعث شہریوں کی روزمرہ زندگی متاثر نہیں ہوگی، ٹریفک کی روانی برقرار رہے گی اور شہری محفوظ رہیں گے۔سیکرٹری ہاؤسنگ کے مطابق یہ منصوبہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے، جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنک) کی جانب سے اس منصوبے کی منظوری پہلے ہی دی جا چکی ہے۔

جواب دیں

Back to top button