"مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 11 شہروں میں بیک وقت سکیموں کا آغاز،51 شہروں میں رواں ماہ افتتاح

"مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت صوبے کے 11 شہروں میں بیک وقت ترقیاتی سکیموں کا آغاز ہوگیا ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پراجیکٹ ٹیم کو شاباش دی ہے۔

اجلاس میں ایم پی اے ثاقب خورشید، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل، پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسد محمود، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ طارق مسعود فروکہ اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر سہیل کیفی بھی موجود تھے جبکہ پنجاب بھر کے میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر(ایم او آئی) بذریعہ ویڈیو لنک شریک ہوئے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت مزید 17 شہروں میں 15 جنوری جبکہ 10 شہروں میں 22 جنوری کو منصوبے کا افتتاح ہوگا۔ باون میں سے 51 شہروں میں ماہ رواں کے دوران منصوبوں کا آغاز ہونے پر خوشی ہے۔ اگلے مرحلے میں 26 جنوری کو باقیماندہ 13 شہروں کی باری آئے گی۔ صوبائی وزیر نے ہر ایم او آئی سے ایوریج تجزیاتی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ 50 پارکس اور 50 ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس پر ایک ساتھ کام شروع ہو رہا ہے۔

منصوبے کے تحت زیر زمین واٹر ٹینکس کی مجموعی لمبائی 78 کلومیٹر بنتی ہے۔ اجلاس کے دوران وزیر بلدیات نے تمام واٹر ٹینکس کے مقامات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” منصوبے کی تکمیل سے شہروں کا ایک نیا روپ سامنے آئے گا۔ پی ڈی پی ایک طرف تو عوام کیلئے ریلیف اور دوسری جانب پنجاب میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی کا باعث بنے گا۔ ذیشان رفیق نے منظور شدہ مینوفیکچرنگ کمپنیوں کو بلاتعطل پائپ سپلائی کیلئے ہر ڈویژن میں پلانٹ لگانے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ تمام کام وزیراعلی مریم نواز کی طرف سے جاری ہدایات کے مطابق ہونا چاہیئے۔ انہوں نے ایم او آئیز کو موسم برسات سے قبل زیر زمین ٹینکوں کی تعمیر یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کنٹریکٹرز کے کام کی نگرانی کریں اور ڈبل شفٹ کو بھی یقینی بنائیں۔ انشااللہ دن رات کام کر کے وزیراعلی مریم نواز کے مقرر کردہ اہداف ٹائم لائن کے مطابق حاصل کریں گے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ہر اسسٹنٹ پرجیکٹ ڈائریکٹر اور ایم او آئی ترقیاتی سکیموں کے ہر دورے کے تصویری شواہد ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کا دائرہ کار مرحلہ وار 200 شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ای ٹینڈرنگ کے ذریعے شفاف انداز میں کنٹریکٹس دیے جا رہے ہیں۔ ذیشان رفیق نے خبردار کیا کہ سکیموں کے راستے میں آنے والی تجاوزات کا بروقت خاتمہ نہ کیا گیا تو محکمانہ کارروائی ہوگی۔ برساتی پانی جمع ہونے والے تمام مقامات کا احاطہ کیا جائے۔ کسی قسم کی سُستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت واٹر ری چارج کرنے والے کنویں بھی بنائے جائیں گے جس سے زیر زمین پانی کی سطح بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے ذریعے پورے صوبے کا ماسٹر پلان تیار ہونا خوش آئند ہے جس سے مستقبل میں کئی معاملات میں فائدہ ہوگا۔ وزیراعلی مریم نواز ڈنگ ٹپائو کلچر کے سخت خلاف ہیں اور پی ڈی پی اِسکا ثبوت ہے۔ پہلی بار 2050 تک کی ممکنہ آبادی کے لئے میونسپل سکیمیں بنائی گئی ہیں۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے زور دیا کہ ٹف ٹائلز کا ڈیزائن ایسا ہو کہ برساتی پانی آسانی سے زمین میں جذب ہو سکے۔ ہر شہر میں شجرکاری کو ہرگز نظرانداز نہ کیا جائے۔ پی ڈی پی کا بڑا مقصد اربن فلڈنگ کے خدشات کم کرنا ہے۔ اس پہلو کو ہرجگہ مدِنظر رکھنا ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button