غیرملکی سرمایہ کاروں کے گروپ کرسچیئن اکنامک فورم (سی ای ایف) کے 20 رکنی وفد نے مینجنگ ڈائریکٹر گرانٹ ویبسٹر Grant Webster کی قیادت میں سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا جہاں انہیں سُتھرا پنجاب پروگرام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سُتھرا پنجاب کے فیز ون اور ٹو کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر سابق ایم این اے محسن شاہنواز رانجھا، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل اور ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین بھی موجود تھے۔ گرانٹ ویبسٹر نے بتایا کہ سی ای ایف امریکہ، ملائشیا، کینیڈا، جنوبی کوریا، چین اور برطانیہ سمیت 8 ممالک کے بڑے سرمایہ کاروں کا گروپ ہے جو اس وقت 48 ممالک میں مختلف کمرشل منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔
وزیراعلی مریم نواز کے سُتھرا پنجاب پروگرام میں سرمایہ کاری کا کافی پوٹینشل موجود ہے اور ہم انہی امکانات کا جائزہ لینے کے لئے لاہور آئے ہیں۔ سی ای ایف کے ارکان نے پنجاب میں ویسٹ ری سائیکلنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سُتھرا پنجاب پروگرام کی افادیت سے کافی متاثر ہوئے ہیں۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بتایا کہ سُتھرا پنجاب ایک انتظامی چھتری تلے دنیا کا سب سے بڑا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم بن چکا ہے۔ ہم سی ای ایف کی پنجاب میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کریں گے۔ انہوں نے سُتھرا پنجاب سے قبل صفائی کی ابتر صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیرنگرانی صفر سے آغاز کر کے چند ماہ کے اندر صفائی کا بے مثال نظام کھڑا کیا گیا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا موثر سسٹم سُتھرا پنجاب کی کامیابی کا ضامن ہے۔ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایات اور بھرپور سرپرستی کی وجہ سے ہی مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن ہوسکا۔ یہ سفر ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔ محنت اور سیاسی عزم کے باعث روز بروز بہتری آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کے دوران اب تک پنجاب بھر سے ایک کروڑ 22 لاکھ ٹن ویسٹ ٹھکانے لگایا گیا۔ ڈیڑھ لاکھ ورک فورس دیہات اور شہروں کو صاف رکھنے میں مصروف ہے۔ آج 145 لینڈ فِل سائٹس اور 457 عارضی کولیکشن پوائنٹس کا مضبوط انفراسٹرکچر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں میں بڑھتی آگاہی بھی سُتھرا پنجاب کی کامیابی کا ایک اہم فیکٹر ہے۔ وفد کی درخواست پر صوبائی وزیر نے شہریوں کی شکایات کے ازالے کے میکانزم کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ ایپ اور ہیلپ لائن پر موصولہ شکایات کے ازالے کی شرح 98 فیصد ہے۔ ہم نہ صرف شکایات پر ایکشن لیتے ہیں بلکہ عوامی فیڈبیک سے سبق بھی سیکھتے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ دیگر ممالک میں عام طور پر ہفتے میں ایک بار جبکہ پنجاب میں ہر روز ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن ہوتی ہے۔ ہمیں لاہور کے نواحی علاقے محمود بوٹی میں کوڑے کے پہاڑ کو گرین ایریا میں تبدیل کرنے پر فخر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لکھوڈیر (لاہور) لینڈفِل سائٹ پر بائیوگیس فیول کا پلانٹ کامیابی سے کام کر رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ویسٹ سے 50 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کا منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس پاور پلانٹ میں یومیہ 2500 ٹن ویسٹ کی کھپت ہوسکے گی۔
اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ سی ای ایف کے وفد کا پنجاب کا دورہ اور یہاں سرمایہ کاری میں دلچسپی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف صرف منصوبے شروع نہیں کرتیں بلکہ انہیں کامیاب بھی بناتی ہیں۔ سی ای ایف کے وفد نے تالیاں بجا کر وزیراعلی مریم نواز نواز کے ویژن کو خراجِ تحسین کیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت مہیا کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ری سائیکلنگ پارک خطے میں اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہوگا۔ ڈائریکٹر جنرل سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے بتایا کہ انچاس ایکڑ پر لینڈ فِل سائٹ کو اربن فاریسٹ میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ سے بائیوگیس کی پیداوار کے ساتھ نامیاتی فیڈسٹاک کی تیاری کا کام بھی جاری ہے۔ ملاقات کے بعد وفد کے ارکان کو سُتھرا پنجاب کی معلومات پر مبنی کتابیں اور سوونئیر بھی پیش کئے گئے۔






