ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا کا تحصیل ماڈل ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی اقدامات کا جائزہ

ڈی سی لاہور سید موسیٰ رضا نے تحصیل ماڈل ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے والٹن روڈ اور اطراف کے علاقوں، شنگھائی پل نالہ میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سی او ایم سی ایل شاہد عباس کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن عبدالباسط صدیقی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اسسٹنٹ کمشنر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صفائی نظام، تجاوزات کا خاتمہ، جانوروں و جھگیوں کے انخلاء کے لئے آپریشنز جاری ہیں۔ ڈی سی لاہور نے والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کو صفائی اقدامات میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی حکام کو فیلڈ میں سرپرائز دورے کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز کی بروقت حاضری اور معمولاتِ زندگی شروع ہونے سے قبل صفائی میکانزم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈی سی لاہور نے صفائی سسٹم کو مزید بہترین بنانے کے لئے مربوط حکمت عملی اپنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صفائی کا اصل مقصد یہ ہے کہ ایک پوائنٹ سے صفائی کے بعد دوبارہ اسی پوائنٹ پر گندگی نہ ہونے دی جائے۔ انہوں نے مرکزی شاہراہوں، گلی محلوں، کوچوں میں گندگی کے ڈھیر کی نشاندہی پر فی الفور کلئیر کروانے کی ہدایت کی اور واسا حکام کو شنگھائی پل نالہ کی صفائی فی الفور کروانے کا حکم دیا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ نالوں کی صفائی سے تعفن زدہ ماحول سے چھٹکارا ملے گا اور شہریوں کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کا مشن جاری رہے گا۔ انہوں نے مستقل و عارضی تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے اور کسی بھی مقام پر بینرز، اسٹریمرز و پوسٹرز نہ لگے رہنے دینے کی ہدایت کی۔ ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ شہری آبادی سے جھگیوں و جانوروں کا انخلاء متبادل جگہوں پر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر کلین مشن کے لیے کوشاں ہیں۔

جواب دیں

Back to top button