"مریم نواز کا سوہنا پنجاب پروگرام”، وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس میں زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کیلئے جاپانی ماڈل پر غور

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل، پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈیئر (ر) اسد محمود،ایم ڈی پی ایم ڈی ایف سی سید زاہد عزیز اور نیسپاک کے ماہرین بھی شریک ہوئے جبکہ متعلقہ شہروں کے اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (ایم او آئی) نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت 46 شہروں میں سکیموں کا آغاز ہوگیا ہے۔ مزید پانچ شہروں کے لئے ورک آرڈر جلد جاری ہو جائے گا۔ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” میونسپل سروسز کی فراہمی کا پروگرام ہے جس میں برسوں سے مسائل کا شکار شہروں کے لئے سیوریج سسٹم اور برساتی پانی کی نکاسی کیلئے جامع پلاننگ کی گئی ہے۔ اجلاس میں زیر زمین واٹر ٹینکس کی تعمیر کیلئے جاپانی ماڈل پر غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ کاواساکی شہر میں شبوکاوا ریزروائر پراجیکٹ کا ماڈل سامنے رکھا جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ انڈر گرائونڈ ٹینک میں جمع پانی پودوں کیلئے استعمال کیا جا سکے گا۔

اس کے علاوہ زیر زمین قدرتی آبی ذخائر کو برساتی پانی سے ری چارج بھی کیا جائے گا۔ پی ڈی پی میں شامل ہر شہر میں اربن فلڈنگ روکنے پر خاص توجہ دی گئی ہے۔ اسسٹنٹ پراجیکٹ ڈائریکٹرز اور ایم او آئیز کنٹریکٹرز کی سخت مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ سڑکوں کے کنارے انڈر گرائونڈ ٹینک بھی بنائے جا رہے ہیں جس سے برساتی پانی کی فوری نکاسی ممکن ہوگی۔ پی ڈی پی کے تحت گلیوں اور سڑکوں کی مرمت اور پارکوں کی بحالی کے منصوبے بھی مکمل کئے جائیں گے۔صوبائی وزیر کی ضلع سرگودھا کے شہر سلانوالی میں اچھا کام ہونے پر متعلقہ ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے خبردار کیا کہ پی ڈی پی کی ٹائم لائن، معیار اور شفافیت پر سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ایم او آئیز ہر سکیم کا باقاعدگی کے ساتھ دورہ کریں اور تصویری شواہد ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کئے جائیں۔

جواب دیں

Back to top button