وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "فروغ بلیو اکانومی ویژن” پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے شرمپ فارمز مظفرگڑھ منصوبے کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سیکرٹری ہاؤسنگ کو بریفنگ دی گئی کہ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی جانب گامزن ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 350 تالاب، ٹیوب ویلز اور ہارویسٹنگ پٹس 28 فروری تک مکمل کر لیے جائیں گے۔نورالامین مینگل نے ڈائیکس کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ڈائیکس کی کمپیکشن منظور شدہ معیار کے مطابق کی جائے۔ انہوں نے سول تنصیب کے لیے معیاری تعمیرات یقینی بنانے پر زور دیا اور 21 کلومیٹر مین ڈرین کی کھدائی فوری شروع کرنے کی ہدایت جاری کی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے منصوبے کی رفتار مزید تیز کرنے کے لیے اضافی مشینری اور لیبر تعینات کرنے کی ہدایت دی اور ٹھیکیدار کو معیار اور مقدار پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ اور ایف ڈبلیو او کو مقررہ ٹائم لائن پر سختی سے عمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے اور بلیو اکانومی کا فروغ صوبے کی معاشی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں متعلقہ ادارے منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔






