وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رمضان المبارک کے دوران شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پنجاب صاف پانی اتھارٹی کے زیر انتظام تمام واٹر فلٹریشن پلانٹس کو مکمل طور پر فعال رکھنے کے حوالے سے جامع حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ
شہریوں کو معیاری پینے کے صاف پانی کی فراہمی کسی صورت متاثر نہیں ہونی چاہیے۔ متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور فیلڈ ٹیموں کو مکمل طور پر متحرک رکھنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ واٹر فلٹریشن پلانٹس کی باقاعدہ صفائی اور دیکھ بھال یقینی بنائی جائے تاکہ پانی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔اجلاس میں سی ای او پنجاب صاف پانی اتھارٹی نے مجوزہ پلان پر بریفنگ دی اور رمضان کے دوران پانی کی طلب میں اضافے کے پیش نظر انتظامات سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نے عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مانیٹرنگ سسٹم مزید مؤثر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فلٹریشن پلانٹس کی خرابی سے متعلق شکایات کو فوری حل کیا جائے۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے واضح کیا کہ واٹر سپلائی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ پینے کا صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور معیاری پانی کی فراہمی حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ مزید کہا کہ صاف پانی کی فراہمی صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے اور اس حوالے سے تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔






