محمد سہیل آفریدی کا پشاور میں ایران کے قونصل خانے کا دورہ، آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے انتقال پر ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خوا سے تعزیت

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور میں ایران کے قونصل خانے کا دورہ کیا اور آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے انتقال پر ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خوا سے تعزیت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایرانی سپریم لیڈر کا انتقال صرف ایران نہیں بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام اس مشکل اور غم کی گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس وقت امتِ مسلمہ کی حقیقی نمائندگی کرنے والے دو رہنما تھے، ایک شہید ہو چکے ہیں جبکہ دوسرا قید میں ہے۔ یہود و نصاریٰ کبھی مسلمانوں کے دوست نہیں رہے، تاریخ گواہ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ مسلمانوں کو تقسیم کیا یا ان پر حملہ کیا۔ وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت ایران کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے۔ اگر ایران کو ڈاکٹرز، ادویات، اسپیشل یا نرسنگ اسٹاف یا کسی بھی قسم کی انسانی امداد درکار ہوئی تو خیبرپختونخوا بھرپور مدد فراہم کرے گا۔ ہم متحد ہو کر مقابلہ کریں گے اور دعا ہے کہ اللہ ہمیں بھی شہادت کا رتبہ نصیب فرمائے۔

ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خوا نے وزیر اعلیٰ اور وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دشمنوں نے ایرانی سپریم لیڈر کو شہید کیا جو پوری قوم کے لیے باپ کی حیثیت رکھتے تھے۔ ہمارے لیڈر شہادت کے متمنی تھے اور اسلام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے ہمیشہ جدوجہد کرتے رہے، وہ ایک عظیم انقلابی رہنما تھے۔ ایران نے جنگ کا آغاز نہیں کیا مگر اپنے دفاع کے لیے آخری سانس تک لڑے گا، ہم جھکنے کے بجائے مرنا پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی تھے جن میں سپریم لیڈر کی اہلیہ اور پوتے پوتیاں بھی شہید ہوئیں جبکہ 160 اسکول کے بچے بھی شہادت کا نشانہ بنے۔ ہمارے ساتھ اللہ ہے اور برادر ملک پاکستان اور خیبرپختونخوا کے عوام کی حمایت ہماری طاقت ہے، یہی وہ طاقت ہے جس سے اسرائیل خوفزدہ ہے۔

جواب دیں

Back to top button