صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے روہڑی میں سندھ کے پہلے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ کیا، اس موقع پر کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی اور چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل سکھر سید کمیل حیدر شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے،

جہاں انہیں منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ روہڑی شہر کی عوام کے لیے صاف پانی کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا، جو سندھ حکومت کی جانب سے ایک منفرد اقدام ہے جس کے تحت شہریوں کو صاف پانی مفت فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے روہڑی اور اطراف کی آبادی کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ایک ماڈل پراجیکٹ ہے جو پورے سندھ میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے، جسے روہڑی میں شروع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے بتایا کہ روہڑی کے اس صاف پانی منصوبے کی لاگت 66 کروڑ روپے ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر، اسسٹنٹ کمشنر روہڑی، مختیارکار روہڑی سمیت متعلقہ افسران اور منتخب نمائندگان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔






