پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کیلئے 51 شہروں میں کنسلٹنٹ سٹاف کی تعیناتی کر دی گئی

وزیر بلدیات ذیشان رفیق کو ایک اجلاس کے دوران بتایا گیا ہے کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام(پی ڈی پی) کیلئے 51 شہروں میں کنسلٹنٹ سٹاف کی تعیناتی کر دی گئی ہے۔ برساتی پانی کی نکاسی اور ذخیرے کیلئے بیشتر زیرزمین ٹینکس کی کھدائی مکمل جبکہ متعدد شہروں میں روڈ سائیڈ واٹر سٹوریج ٹینکس کی تعمیر آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔

اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد اور سپیشل سیکرٹری آسیہ گُل نے بھی شرکت کی۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ڈی پی احمر سہیل کیفی نے شرکا کو پریذینٹیشن دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ کام میں حالیہ بارشوں اور عید تعطیلات سے پیدا ہونے والا تعطل دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کام کے دوران معیار اور رفتار دونوں کا خیال رکھا جائے۔ متعلقہ ڈپٹی اور اسسٹنٹ کمشنرز تعمیراتی سائٹس کے مسلسل دورے کریں۔ ذیشان رفیق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محکمہ بلدیات عوام اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی توقعات پر پورا اترے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کی تکمیل سے اربن فلڈنگ پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ مختلف شہروں کیلئے ترقیاتی سکیموں کے 124 پیکیجز میں سے 119 کی فنانشل بِڈز کھُل گئی ہیں۔ ٹینڈرنگ کا تمام عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جا رہا ہے۔ وزیر بلدیات نے یہ ہدایت بھی کی کہ میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (ایم او آئیز) تمام پیشرفت ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کریں۔ منتخب عوامی نمائندوں کو تمام سکیموں پر لازمی اعتماد میں لیا جائے۔ کھدائی والی سائٹس پر ٹریفک کیلئے متبادل انتظام کا خیال بھی لازمی رکھا جائے۔

جواب دیں

Back to top button