وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اراضی خریداری عمل میں شفافیت کیلئے قوانین کی تیاری۔۔۔صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت بورڈ آف ریونیو میں اہم اجلاس ہوا۔ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں جعلسازی روکنے اور عوامی ریلیف کیلئے قوانین سازی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایل ڈی اے قوانین میں ترامیم پر کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔

صوبائی وزیر بلال یاسین اور ایس ایم بی آر نے ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کے اقدامات کی تعریف کی۔ صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں صوبائی دارالحکومت لاہور سے پراپرٹی فائلنگ سسٹم کا خاتمہ کیا جائے گا۔ کسی بھی پلاٹ کی خرید و فروخت کو ہاؤسنگ اسکیمز مینجمنٹ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا۔ لوکل گورنمنٹ، روڈا اور دیگر اداروں کو بھی قوانین میں ترامیم کی ہدایت، اگلے مرحلے میں دیگر اضلاع تک توسیع ہوگی۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے کہا کہ 90 روز میں ہاؤسنگ سوسائٹیز کے این او سیز جاری اور اصلاحاتی عمل کو نافذ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ادارہ جاتی فریم کو 7 روز میں مکمل کر کے حتمی سفارشات جمع کروانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب پلاٹ کو کاغذی فائلوں کی بجائے لوکیشن کی شناخت اور پی ایل آر اے کے جاری کردہ لیٹر پر ہی خریدا جائے گا۔
ایچ ایس ایم ایس کے نفاذ سے غیر قانونی پلاٹوں اور بے نامی فائلوں کی خرید و فروخت ممکن نہیں ہو سکے گی۔ ریئل اسٹیٹ سیکٹر میں عوام سے پلاٹ نمبر،بلاکس اور ڈویلپمنٹ چارجز کی مد میں کی جانیوالی دھوکہ دہی کو روکا جائے گا۔ عوامی شکایات کے سدباب کیلئے فورم کی تشکیل بھی کی جائے گی۔اسپیشل سیکریٹری ہاؤسنگ ،لوکل گورنمنٹ ، سی ای او روڈا ، ڈی جی ایل ڈی اے ،ڈی جی پی ایل آر اے اور دیگر محکموں کے افسران شریک تھے۔






