پشاور(بلدیات ٹائمز)ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کے ایڈمنسٹریٹر کے عہدے کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔ بروز جمعرات کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور پہنچنے پر ڈائریکٹر (جنرل) قدیر نصیر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔
اس موقع پر کیپٹل میٹروپولیٹن کے افسران کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔چارج سنبھالنے کے بعد منعقدہ اجلاس میں ادارے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل کیپٹل میٹروپولیٹن نے ایڈمنسٹریٹر پشاور کو ادارے کے درپیش چیلنجز، جاری منصوبہ جات اور مختلف شعبہ جات کی کارکردگی کے حوالے سے جامع بریفنگ دی۔ایڈمنسٹریٹر پشاور کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان نے افسران کو ہدایت کی کہ کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ سے متعلق تمام شعبوں کی جامع اور تفصیلی بریفنگ جلد از جلد مرتب کی جائے تاکہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر اور دیرپا حکمت عملی وضع کی جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کیپٹل میٹروپولیٹن کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا اور ادارے کو فعال، مستحکم اور خود کفیل بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ مزید برآں شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے مربوط اقدامات اٹھائے جائیں گے۔






