وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سُتھرا پنجاب اتھارٹی کا اجلاس ہوا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ڈی جی سُتھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین بھی موجود تھے جبکہ صوبے کے تمام ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران سُتھرا پنجاب اتھارٹی کے انتظامی معاملات پر غور کیا اور ضلع ایجنسیوں کو اثاثوں کی منتقلی کیلئے ڈویژنل سطح پر قائم کمیٹیوں کے کام کا جائزہ لیا گیا۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے صفائی کے حوالے سے معاشرتی شعور میں اضافے کے لئے اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کی زیر نگرانی سُتھرا پنجاب آگاہی مہم کیلئے اینیمیشن فلم کی تیاری قابلِ تعریف ہے۔ اس اینیمیشن فلم میں سُتھرا ہیرو بچوں کو صفائی کی طرف راغب کرتا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس دلچسپ آگاہی فلم سیریز کو سوشل میڈیا پر زیادہ سے زیادہ پھیلایا جائے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ شہریوں کے بھرپور تعاون سے ہی صفائی کے اہداف کا حصول ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتھارٹی ماڈل کے تحت ضلعی سطح پر ایجنسیز کی فعالیت کے اچھے نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ایم ڈیز مانیٹرنگ کے عمل کو مزید موثر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سُتھرا پنجاب وزیراعلی مریم نواز کے دل کے قریب پروگرام ہے۔ آج اتنا بڑا نیٹ ورک موجود ہونا وزیراعلی کے ویژن کا ہی نتیجہ ہے۔ آئی پور IPOR کے حالیہ سروے میں عوام کا اعتماد سُتھرا پنجاب کے لئے بڑا اعزاز ہے۔ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے ٹیم ورک کا یہی جذبہ برقرار رکھیں گے۔ذیشان رفیق نے کہا کہ سُتھرا پنجاب کے اگلے مرحلے میں ویسٹ ٹو ویلیو پراجیکٹ پر پیشرفت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ عیدالاضحیٰ قریب آ رہی ہے لہذا پہلے سے تمام انتظامات مکمل کئے جائیں۔ سُتھرا پنجاب تجرباتی مراحل سے گزر کر ایک مضبوط نیٹ ورک بن چکا ہے۔ ہم سب کو گزشتہ دو بقر عیدوں کے مقابلے میں اس بار زیادہ بہتر نتائج دینے کا عزم کرنا ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ عید آپریشنز کیلئے اضافی وسائل کی ضرورت پڑی تو مہیا کریں گے۔
اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے اینٹی لٹرنگ کیلئے موثر اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں سے ڈسٹرکٹ ایجنسیز کو اثاثوں کی منتقلی کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔ کمشنر صاحبان ڈویژنل کمیٹیوں کی خود نگرانی کریں تاکہ یہ عمل خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچے-






