*واسا پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن سیکٹر میں جدید ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کا آغاز*

وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر صوبے میں واٹر اینڈ سینی ٹیشن (واٹسان) سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے اہم احکامات جاری کرتے ہوئے جامع ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ نظام کی تشکیل کی ہدایت دی ہے۔ذرائع کے مطابق الجزاری واٹر اینڈ سینی ٹیشن اکیڈمی کے دائرہ کار کو مزید وسیع کیا جائے گا، جبکہ پنجاب واٹر اینڈ سینی ٹیشن انسٹی ٹیوٹ کے قیام پر بھی کام شروع کیا جا رہا ہے۔ اس اقدام کا مقصد واٹسان سیکٹر میں جدید تحقیق،تربیت اور پالیسی سازی کو فروغ دینا ہے۔اس موقع پر چیئرمین واسا پنجاب شیر علی خان، پارلیمانی سیکرٹری سلطان باجوہ اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے جدید مانیٹرنگ لیب کا افتتاح کیا۔ تقریب میں پرنسپل الجزاری اکیڈمی ڈاکٹر صومان خالد نے مختلف جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈی جی واسا پنجاب نے وفد کو مختلف سیکشنز کا دورہ بھی کروایا۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی کہ واسا پنجاب کے تحت ایک سائنٹیفک پینل بھی تشکیل دیا جائے، جس میں ماہرین اور پروفیسرز کو شامل کیا جائے گا تاکہ جدید تحقیق اور تکنیکی رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجوزہ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں انجینئرز، انتظامی افسران اور فیلڈ اسٹاف کی باقاعدہ تربیت کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ سروس ڈلیوری کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔چیئرمین واسا پنجاب نے کہا کہ الجزاری اکیڈمی ملک بھر سے آنے والے افسران اور انجینئرز کو جدید تربیت فراہم کر رہی ہے، جبکہ واسا پنجاب شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام کر رہا ہے۔پارلیمانی سیکرٹری نے اس موقع پر کہا کہ واٹسان سیکٹر میں ریسرچ وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے نہ صرف کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ عوام کو بھی بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق اس شعبے میں اہم اصلاحات متعارف کروائی جا رہی ہیں۔ترجمان کے مطابق ان اقدامات سے نہ صرف واٹر اینڈ سینی ٹیشن سیکٹر میں جدت آئے گی بلکہ مستقبل میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی مدد ملے گی۔

جواب دیں

Back to top button