وزیراعلیٰ مریم نواز کی طرف سے قائم کردہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام(ایل ڈی پی) کی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ٹاؤن ہال میں ہوا۔ کمیٹی کے کنوینر/ وزیر بلدیات ذیشان رفیق، وزیر اطلاعات عَظمیٰ بخاری، وزیراعلی کے مشیر ذیشان ملک اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد نے بھی شرکت کی
جبکہ ڈپٹی کمشنر لاہور/ ایڈمنسٹریٹر ایم سی ایل کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے فیز ٹو پر بریفنگ دی۔ سٹیئرنگ کمیٹی نے فیز ٹو میں 8780 میں سے 6332 گلیاں، سڑکیں مکمل ہونے پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیر شدہ گلیوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایم سی ایل کے تحت مزید 1983 سٹریٹس پر کام جاری ہے جبکہ واسا نے 646 گلیاں مکمل کرلی ہیں۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ ایل ڈی پی فیز ون میں ہونے والی بچت فیز ٹو کی سکیموں پر لگائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم سی ایل اور واسا دونوں نے اچھا کام کیا ہے۔ یہ جذبہ آگے بھی برقرار رکھا جائے۔ فیز ون میں 718 اور فیز ٹو میں 849 کلومیٹر طویل سٹریٹس بنائی گئیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت پہلی بار اتنا بڑا منصوبہ تیار کیا گیا۔وزیر اطلاعات و ثقافت عَظمیٰ بخاری نے زور دیا کہ پری مون سون سے پہلے ضروری کام مکمل ہوجانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی پی کے پہلے مرحلے میں 451 کلومیٹر اور فیز ٹو میں 290 کلومیٹر سیور بچھایا گیا ہے۔ اسی طرح فیز ون میں واٹر سپلائی کی لمبائی 319 کلومیٹر اور فیز ٹو میں 258 کلومیٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایل ڈی پی میں ہونے والی بچت سے مزید سکیمیں مکمل کریں گے۔ عَظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب بھر پر یکساں توجہ دینے کا ویژن وزیراعلیٰ مریم نواز کا ویژن ہے۔ ایل ڈی پی، پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام(پی ڈی پی) اور مثالی گاؤں بیک وقت آگے بڑھ رہے ہیں.اس موقع پر وزیراعلیٰ کے مشیر ذیشان ملک نے کہا کہ ماسٹر پلاننگ کے ذریعے کام مکمل کرنے سے پنجاب کا نیا روپ سامنے آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز جو وعدہ کرتی ہیں پورا کرکے دکھاتی ہیں۔ اُن علاقوں کو بھی سہولیات مہیا کی گئیں جہاں پہلے جانا بھی مشکل تھا۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ہدایت کی کہ اسی رفتار سے کام جاری رکھا جائے۔ ایم سی ایل کی خصوصی ٹیموں کے ذریعے گلیوں میں توڑ پھوڑ روکی جائے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کی کہ عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں میں ہونے والے کام کے ممکنہ تعطل کو دور کرنے کی پلاننگ کرلی گئی ہے۔ ایم سی ایل اور واسا مکمل ہم آہنگی کے ساتھ تمام کام مکمل کر رہے ہیں۔






