وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "سوہنا پنجاب پروگرام” کے تحت مثالی گاؤں منصوبہ صوبہ بھر میں کامیابی سے جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع سرگودھا میں پہلے مرحلے کے دوران 22 دیہات کو مثالی گاؤں میں تبدیل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سرگودھا حسین احمد رضا چوہدری سے کوارڈینیٹر مثالی گاؤں پروگرام حمزہ احمد شہزاد نے دفتر میں ملاقات کی اور ضلع میں جاری منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہتاب یاسین بھی موجود تھیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ جن دیہات میں زیر زمین پانی پینے کے قابل ہے وہاں واٹر سپلائی اسکیموں کو بہتر اور فعال بنایا جائے گا، جبکہ جہاں پانی کھارا (برَیکش) ہے وہاں صاف پانی اتھارٹی فلٹریشن پلانٹس نصب کرے گی۔مزید برآں دیہات میں نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے نالیوں اور ڈرینز کی تعمیر و بحالی کی جائے گی۔ گلیوں کی سولنگ اور ٹف ٹائلز کی تنصیب کے ذریعے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔ ہر گاؤں میں ایک کنال پر مشتمل خوبصورت پارک بھی قائم کیا جائے گا تاکہ عوام کو تفریحی سہولیات میسر آ سکیں۔ مزید بتایا گیا کہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر 2 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی اور اسے 10 ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق دیہی ترقی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ مثالی گاؤں منصوبہ دیہات میں معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا اور اس کے ثمرات براہ راست عوام تک پہنچیں گے۔






