صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے عیدالاضحی کے موقع پر صفائی و آلائش آپریشن کو مؤثر، منظم اور بروقت مکمل کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ غیر قانونی ڈمپنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ وزیر بلدیات سندھ کی زیر صدارت ہونے والے اہم اجلاس میں عیدالاضحی صفائی آپریشن، آلائشیں اٹھانے، ملبہ منتقلی، لینڈ فل سائٹس کے انتظامات، شکایتی مراکز اور ہیلپ لائن کی فعالیت سمیت مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ وسیم شمشاد، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی، اسپیشل سیکریٹری زین العابدین، پروجیکٹ ڈائریکٹر سوئیپ عثمان معظم اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے ہدایت دی کہ آلائشیں اٹھانے کے عمل میں ٹاؤن چیئرمینز، ٹی ایم سیز، کے ایم سی اور دیگر اداروں کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن یقینی بنائی جائے جبکہ عید کے تینوں دن اضافی مشینری، اضافی گاڑیاں اور اضافی عملہ فیلڈ میں موجود رہے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ ہر گلی، محلے اور مرکزی شاہراہ سے آلائشیں فوری طور پر اٹھائی جائیں اور بعد ازاں چونے کا چھڑکاؤ اور جراثیم کش اسپرے لازمی کیا جائے تاکہ تعفن اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکے۔ وزیر بلدیات نے واضح کیا کہ تعمیراتی ملبہ صرف جام چاکرو اور گوند پاس لینڈ فل سائٹس کی مختص جگہوں پر منتقل کیا جائے گا جبکہ ملبہ اٹھانے والی تمام گاڑیوں کی رجسٹریشن لازمی ہوگی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ شہر میں غیر قانونی ڈمپنگ یا کچرا پھینکنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور متعلقہ ادارے اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کریں۔ اجلاس میں کلیکشن پوائنٹس، خندقوں کی تیاری، آلائشوں کی محفوظ تلفی اور شہری سہولت مراکز کے قیام پر بھی غور کیا گیا۔ ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ طارق علی نظامانی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہریوں میں بائیو ڈیگریڈایبل بیگز تقسیم کیے جائیں گے تاکہ آلائشوں کو محفوظ انداز میں رکھا جاسکے جبکہ پارکس اور گرین بیلٹس میں ماحول دوست اقدامات کے تحت بھالو مٹی کے استعمال سے نہ صرف صفائی کے عمل کو بہتر بنایا جائے گا بلکہ لاکھوں روپے کی بچت بھی ممکن ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ شہری شکایات کے فوری ازالے کے لیے ہیلپ لائن 1128 چوبیس گھنٹے فعال رہے گی جبکہ ہر ضلع میں خصوصی شکایتی مراکز بھی قائم کیے جائیں گے۔ اجلاس کے دوران صوبے بھر میں صفائی ستھرائی اور بلدیاتی منصوبوں کے لیے آئندہ مالی سال کے ترقیاتی بجٹ اور اسکیموں کی تیاری پر بھی غور کیا گیا جبکہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری لوکل گورنمنٹ نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی اسکیموں کی تجاویز فوری طور پر جمع کرائی جائیں تاکہ بلدیاتی خدمات اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے






