بلدیہ عظمٰی لاہور میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن نے فرائض میں غفلت اور عید الاضحٰی کی چھٹیوں کے دوران غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پیش نہ کرنے پر نشتر زون، راوی زون اور شالیمار زون کے زونل آفیسرز پلاننگ، بلڈنگ و انفورسمنٹ انسپکٹرز کو شوکاز نوٹیسیز جاری کر دیئے ہیں۔
عیدالاضحٰی کی چھٹیوں کے دوران چھ زونز علامہ اقبال زون، داتا گنج بخش زون، عزیز بھٹی زون، واہگہ، سمن آباد اور گلبرگ زون میں کارروائی کر کے درجنوں غیر قانونی تعمیرات کو سربمہر کر دیا گیا۔جن علاقوں میں شعبہ پلاننگ کے زونل افسران و اہلکاروں نے کارروائی کی ان میں کینال روڈ، مومن پورہ روڈ،جی ٹی روڈ، دروغہ والا،مزنگ روڈ،انار کلی،پیر غازی روڈ،ذیلدار روڈ،اچھرہ،بی بی پاک دامن، سلطان احمد روڈ، مکہ کالونی اور دیگر شامل ہیں۔






