پنجاب میں کمرشل تعمیراتی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے نظام کا تجرباتی آغاز،وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے وی ڈی ایس کا افتتاح کیا

پنجاب میں کمرشل تعمیراتی سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کے نظام کا تجرباتی آغاز ہوگیا ہے۔ وائلیشن ڈی ٹیکشن سسٹم(وی ڈی ایس) کے ٹیسٹ رن کے ساتھ ہی متعلقہ سٹاف کی ٹریننگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ مقامی ہوٹل میں ایک تقریب کے دوران پنجاب کے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے وی ڈی ایس کے ٹیسٹ رن کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپیشئل پلاننگ اتھارٹی اُم لیلیٰ نقوی اور پنجاب بھر سے آئے میونسپل آفیسرز بھی موجود تھے۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) اور پی آئی ٹی بی کی ٹیم کے کام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک تاریخی موقع ہے۔ وی ڈی ایس وزیراعلٰی مریم نواز شریف کے ڈیجیٹل گورننس ویژن کی جانب اہم قدم ہے۔ وزیراعلی جلد وی ڈی ایس کا باضابطہ افتتاح کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ سیٹلائٹ مانیٹرنگ کی مدد سے تعمیراتی خلاف ورزیوں کی نشاندہی ہو سکے گی۔ محکمہ بلدیات کا متعلقہ سٹاف پورٹل پر نشاندہی کے بعد ایکشن لے گا۔ وی ڈی ایس ای بِز اور ای کنسٹرکشن پورٹل کے ساتھ انٹیگریٹڈ ہوگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ پنجاب میں پہلی بار رہائشی، زرعی اور صنعتی علاقوں کی ڈیجیٹل زوننگ کی گئی ہے، سیٹلائٹ سے نگرانی کے باعث بے ہنگم اور غیر قانونی تعمیرات کی روایت کی حوصلہ شکنی ہوگی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلٰی مریم نواز نے گورننس کے پورے ماڈل کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔ وی ڈی ایس کی شکل میں آج ایک اہم سنگ میل عبور کیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر نے عوام کی سہولت کے لئے پی ایم یو کو 24 گھنٹے فعال رہنے والی ہیلپ لائن تیار کرنے کی ہدایت بھی کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اُم لیلیٰ نقوی نے بتایا کہ

دو ایکڑ یا زائد رقبے پر تعمیرات شروع ہوتے ہی وی ڈی ایس حرکت میں آ جائے گا۔ ابتدائی طور پر پہلے ساہیوال اور سیالکوٹ کے اضلاع میں تجربہ کیا گیا جس کے نتائج کافی حوصلہ افزأ رہے۔ لاہور ڈویژن ابھی وی ڈی ایس کے دائرہ کار میں شامل نہیں باقی 9 ڈویژن کے لئے ٹیسٹ رن شروع کر دیا گیا ہے۔

جواب دیں

Back to top button