لائنز ایریا میں 13 کروڑ سے زائد لاگت کے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح، کراچی بھر میں بلاامتیاز ترقیاتی کام جاری رہیں گے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے ضلع شرقی کے یو سی 09 لائنز ایریا میں سڑکوں، اندرونی گلیوں، نکاسی آب اور سیوریج نظام کی بہتری کے بڑے ترقیاتی منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، منتخب نمائندے اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اولین ترجیح ہے اور شہر بھر میں بلاامتیاز ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ان کے گھر کی دہلیز پر معیاری شہری سہولیات فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے اور کراچی کی تعمیر و ترقی کے سفر کو مزید تیز کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ یو سی 09 لائنز ایریا میں 13 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبے کے تحت اندرونی سڑکوں اور گلیوں میں 2 لاکھ 32 ہزار مربع فٹ سے زائد ٹف پیور بلاکس بچھائے گئے ہیں، جس سے علاقے کی سڑکوں کا معیار بہتر ہوا ہے اور شہریوں کو آمدورفت کی بہتر سہولت میسر آئے گی۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ منصوبے کے تحت نکاسی آب اور سیوریج نظام کی بہتری کے لیے 12 ہزار 821 فٹ سے زائد آر سی سی سیوریج پائپ لائن بچھائی گئی ہے جبکہ مختلف قطر کی نئی سیوریج لائنوں کی تنصیب سے علاقے کے برسوں پرانے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے میں 390 نئے آر سی سی مین ہولز بھی تعمیر کیے گئے ہیں جس سے سیوریج نظام مزید مؤثر اور پائیدار بنے گا۔انہوں نے کہا کہ لائنز ایریا میں مکمل ہونے والا یہ منصوبہ علاقہ مکینوں کے لیے بہتر انفراسٹرکچر، صاف ستھرا ماحول اور جدید شہری سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ضلع شرقی سمیت کراچی کے تمام اضلاع میں سڑکوں، گلیوں، نکاسی آب اور سیوریج کے متعدد منصوبے تیزی سے مکمل کیے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات شہر کے ہر علاقے تک پہنچائے جائیں گے۔منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ اس علاقے میں جہاں ماضی میں حق حکمرانی کسی اور نے استعمال کیا، اب اس کے دیرینہ مسائل پاکستان پیپلز پارٹی اور اس کے اتحادیوں کے تعاون سے حل کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی 20 گلیوں کے مسائل بلدیہ عظمیٰ کراچی نے حل کیے ہیں جبکہ سیوریج اور سڑکوں کی بہتری کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اندرونی گلیوں کے مسائل کے حل کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے ہیں اور کچی آبادیوں میں بھی ترقیاتی کام کیے جا رہے ہیں جہاں ماضی میں خاطر خواہ کام نہیں ہوا۔ سندھ حکومت عوام دوست بجٹ پیش کر رہی ہے اور آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی فلاح و بہبود پر مرکوز ہوگا۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ بلاتفریق عوام کی خدمت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صرف 93 دن میں عظیم پورہ فلائی اوور مکمل کیا گیا جبکہ شاہراہ بھٹو، تاج حیدر برج اور کریم آباد انڈر پاس بھی عوام کو تحفے کے طور پر دیے گئے۔انہوں نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کے فور منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا جبکہ مختلف ٹاؤنز میں نالوں کی صفائی کا کام بھی مؤثر انداز میں نہیں کیا جا رہا، تاہم بلدیہ عظمیٰ کراچی اس حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا مؤقف واضح ہے کہ شہر کی ترقی اور عوامی خدمت اولین ترجیح ہے۔ کراچی میں امن کے قیام کے لیے بڑی قربانیاں دی گئی ہیں اور شہریوں کو چاہیے کہ وہ شہر کے بہتر مستقبل کے لیے مثبت سوچ اپنائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کراچی ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔

جواب دیں

Back to top button