*وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ سے علماء اہلسنت کے وفد کی ملاقات*

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ سے علماء اہلسنت کے ایک وفد نے ملاقات کی جس میں ماہ محرم الحرام اور ربیع الاول کے دوران امن و امان، سیکیورٹی انتظامات، مذہبی ہم آہنگی، بلدیاتی سہولیات اور عوامی مسائل سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد کی قیادت حافظ جمیل راٹھور نے کی۔ ملاقات میں محرم الحرام اور ربیع الاول کے دوران امن، بھائی چارگی اور بین المذاہب ہم آہنگی کو برقرار رکھنے اور مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے لوگ اہل بیتؓ سے محبت اور عقیدت رکھتے ہیں اور یہی جذبہ قومی یکجہتی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مذہبی اجتماعات، جلوسوں اور محافل کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ جلد ہی علماء اہلسنت کے وفد کی وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ سندھ اور تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ملاقات کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ درپیش مسائل اور تجاویز کو براہ راست متعلقہ حکام کے سامنے رکھا جا سکے۔ انہوں نے مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کے انفراسٹرکچر سے متعلق ضروری ترقیاتی کاموں کی فہرست جلد از جلد مرتب کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی مقامات پر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیر بلدیات سندھ نے رابعہ سٹی کے قریب عوام کی سہولت کے لیے پیڈسٹرین برج تعمیر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے شہریوں کو آمدورفت میں آسانی میسر آئے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ماہ ربیع الاول کے دوران سیکیورٹی کے حوالے سے حساس مقامات، مساجد، مدارس اور امام بارگاہوں کی تفصیلی فہرست فراہم کی جائے تاکہ مؤثر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مذہبی جلوسوں اور اجتماعات کے دوران راستوں کی بندش سے شہریوں کو کم سے کم تکلیف پہنچے، اس مقصد کے لیے جامع اور مؤثر سیکیورٹی پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی جائے گی۔ اس موقع پر علماء اہلسنت کے وفد نے محرم الحرام اور ربیع الاول کے دوران حکومت سندھ، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امن، بھائی چارگی اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے وفد کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارگی برقرار رکھنے اور حکومت کے ساتھ تعاون پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سندھ میں امن، اتحاد اور رواداری کے فروغ کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء اور مشائخ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

جواب دیں

Back to top button