لاہور (نمائندہ خصوصی): لاہور رنگ روڈ بھماں گاؤں کے قریب کھوکھر روڈ اور عامر روڈ سے ملحقہ سروس روڈ عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار ہے، جس کے باعث روزانہ ہزاروں شہری، موٹر سائیکل سوار، کار سوار اور مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ علاقہ مکینوں کے مطابق سروس روڈ پر جگہ جگہ گہرے گڑھے، ٹوٹی ہوئی سڑک اور اکھڑا ہوا کارپٹ حادثات کا سبب بن رہا ہے۔ 
خصوصاً بارش کے دوران پانی جمع ہونے سے سڑک کی اصل حالت دکھائی نہیں دیتی، جس کی وجہ سے موٹر سائیکل سوار ہاتھ ساتھ کا سبب بنتے ہیں جبکہ گاڑیوں کو بھی مالی نقصان ہوتا شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سروس روڈ سے روزانہ ہزاروں گاڑیاں گزرتی ہیں، تین ماہ سے سڑک کا یہی برا حال ہے مگر اس کی مرمت پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔ جس سے متعلقہ ابادی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اہلِ علاقہ کے مطابق متعدد بار متعلقہ حکام کی توجہ اس مسئلے کی جانب مبذول کرائی جا چکی ہے، تاہم تاحال کوئی مستقل اور مؤثر اقدامات سامنے نہیں آئے شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی فوری مرمت، ری کارپٹنگ اور نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے اور شہریوں کو محفوظ سفری سہولت میسر آ سکے۔جبکہ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ موجودہ سڑکوں کی بروقت دیکھ بھال بھی انتہائی ضروری ہے، کیونکہ محفوظ اور بہت انفراسٹرکچر ہی شہریوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کرنے کی ضمانت بنتا ہے۔





