وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کے دوران پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام(پی ڈی پی) میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور سپیشل سیکرٹری شاہد زمان لک نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب” پروگرام کے تحت 51 شہروں میں 87 انڈرگرائونڈ ٹینک مکمل ہوچکے ہیں جبکہ مختلف شہروں میں 17 واٹر سٹوریج ٹینکس کی 90 فیصد تک تعمیر ہوچکی ہے۔ اجلاس میں برساتی پانی کے زیادہ دبائو والے شہروں میں اضافی ٹینک بنانے پر بھی غور کیا گیا
۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بارشوں کا انداز بدل چکا ہے لہٰذا ہمیں بارشوں کی غیریقینی صورتحال کو مدنظر رکھ کر آگے بڑھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کیلئے اضافی واٹر پمپس اور مشینری کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ روڈسائیڈ واٹر ٹینکس بننے سے گزشتہ سال کی بہ نسبت پی ڈی پی میں شامل شہروں میں اربن فلڈنگ میں کافی فرق دیکھنے کو ملا ہے۔ "حوصلہ افزا نتائج کی وجہ سے اضافی ٹینکس بنانے پر کام شروع ہوگیا ہے”۔ انہوں نے کہا کہ جن مقامات پر ڈرینز ابھی نہیں بنیں وہاں ٹینکس کی ڈی واٹرنگ کی جا رہی ہے۔ ٹینکس خالی ہونے سے دوبارہ بارانی پانی کے نکاس میں مدد ملے گی۔اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے کہا کہ بارشوں کے نئے سپیل کے الرٹ کی روشنی میں پی ڈی پی کی سکیموں میں کھدائی فوری طور پر روک دی گئی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کھدائی والے مقامات پر سیفٹی اور سکیورٹی کے موثر انتظامات یقینی بنائے جائیں۔






