جشن آزادی کے سلسلے میں ”آزادی فیسٹیول اور یوم دفاع“ کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی پندرہ روزہ ”سلام کراچی“ تقریبات کا آغاز

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی صرف ایک شہر نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی، سماجی اور قومی شناخت ہے، کراچی ترقی کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا، ہمیں منفی سوچ اور تعصبات کو ختم کرکے متحد ہوکر شہر کی ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا، کراچی سب کا شہر ہے اور ہمیں فخر کے ساتھ کہنا چاہیے کہ یہ شہر ہمارا ہے اور ہمارا ہی رہے گا،کراچی کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کے ذریعے شہر کے مثبت تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنا چاہتے ہیں،یہ بات انہوں نے مقامی ہوٹل میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے جشن آزادی کے سلسلے میں ”آزادی فیسٹیول اور یوم دفاع“ کے حوالے سے پاکستان کی تاریخ کی سب سے بڑی پندرہ روزہ ”سلام کراچی“ تقریبات کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر،وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر نجمی عالم،سٹی کونسل میں پاکستان پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈرکرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل اراکین، ٹاؤن چیئرمینز، یوسی چیئرمینز اور طلبا و طالبات کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی پوری ٹیم قابل تحسین ہے جو پارٹی چیئرمین کے وژن کے مطابق شہر کی خدمت اور کراچی کے مثبت و مضبوط تشخص کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے کام کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ ہم سب یوم آزادی مناتے ہیں اور ستمبر میں یوم دفاع کے موقع پر بھارت کو دیے گئے جواب کو بھی یاد کرتے ہیں، اسی لیے مناسب سمجھا گیا کہ 15 روزہ تقریبات کے ذریعے دونوں مواقع کو بھرپور انداز میں منایا جائے اور کراچی کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے لایا جائے،میئر کراچی نے کہا کہ ”سلام کراچی“ فیسٹیول کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا ہے، فیسٹیول کے تحت 25 اگست سے 7 ستمبر تک کراچی کے مختلف مقامات پر ثقافتی، تفریحی، کھیلوں اور موسیقی کی متعدد سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں شہریوں اور خاندانوں کے لیے مختلف پروگرامز شامل ہیں،گرینڈ بازار، ثقافتی شو اور خواتین کے اسٹالز سجائے جائیں گے جبکہ فیملی فیسٹیول، ٹیلنٹ ہنٹ اور میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا جائے گا، فیسٹیول کے دوران بائیک اور سائیکل ریلی، فوڈ فیسٹیول، روڈ شوز، میوزیکل پرفارمنس، میراتھن، سیمینارز سمیت مختلف دیگر فیملی پروگرامز بھی منعقد ہوں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کراچی کے نوجوانوں کو متحرک، حوصلہ مند اور باصلاحیت بنانا ہے تاکہ شہر سے متعلق منفی تاثر کا خاتمہ کیا جاسکے، دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جب کراچی آگے بڑھتا ہے تو پاکستان آگے بڑھتا ہے، اس شہر کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، انہوں نے کہا کہ میں اسی شہر میں پیدا ہوا، یہیں تعلیم حاصل کی اور یہیں سے قانون کی تعلیم کا آغاز کیا، آج جو عزت اور مقام ہے اس میں اس شہر کا بہت بڑا کردار ہے، اس لیے ہم سب کو اپنی ذات، اپنی خواہشات اور اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر کراچی کے بارے میں سوچنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ جب انفرادی سوچ اجتماعی سوچ میں تبدیل ہوجائے تو دنیا کی کوئی طاقت اس شہر کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی، ہمیں کراچی کو صرف سیاسی یا تنظیمی انداز میں نہیں بلکہ اجتماعی طور پر منانا ہوگا تاکہ دنیا کو بتایا جاسکے کہ ہمارے پاس کتنا شاندار شہر ہے اور یہ شہر ہم سب کا فخر اور ہماری شناخت ہے، آئندہ چند روز کے دوران ہمیں اپنی روزمرہ زندگی اور معمولات میں کچھ تبدیلیاں لاکر شہر کے لیے وقت نکالنا ہوگا،انہوں نے کہا کہ کراچی کی موجودہ انتظامیہ کا مقصد دلوں کو جوڑنا اور لوگوں کو متحد کرنا ہے جو لوگ تقسیم اور محرومی کا شکار رہے ہیں ان کے درمیان موجود تفریق کی سوچ کا خاتمہ چاہتے ہیں، ہمیں ہر روز اس بات کا جشن منانا چاہیے کہ ہم ایک زندہ اور متحد معاشرہ ہیں، اگر ہم سب دل میں فخر اور محبت کے ساتھ مل کر کام کریں تو کوئی حکومت یا طاقت کراچی کو آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی،انہوں نے کہا کہ اکثر یہ بات کی جاتی ہے کہ کراچی کے لوگ کراچی چھوڑ کر چلے گئے ہیں لیکن یہ حقیقت ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے بے شمار لوگوں نے اس شہر کو اپنایا اور کراچی نے بھی انہیں قبول کیا، میئر کراچی نے کہا کہ ہمیں اس سوچ اور تعصب کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنا ہوگا کہ کراچی صرف میرا یا صرف آپ کا شہر ہے، ہمیں ایک آواز ہوکر کہنا ہوگا کہ کراچی ہم سب کا شہر ہے اور ہمیشہ ہمارا رہے گا، انہوں نے کہا کہ شہر میں مشکلات اور مسائل ضرور ہیں لیکن ہمیں اپنے شہر پر فخر ہونا چاہیے، ایک خاندان میں مختلف مزاج اور صلاحیتوں کے بچے ہوتے ہیں، کوئی محبت کرنے والا، کوئی تعلیم یافتہ اور کوئی محنتی ہوتا ہے، ہم وہ لوگ ہیں جو اپنی محنت، خون، پسینے اور آنسوؤں سے پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے اپنا کردار ادا کررہے ہیں،انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اپنے ذاتی مفادات کے لیے اس شہر کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن کراچی ہم سب کا ہے اور ہم سب کا فخر ہے، قائداعظم محمد علی جناحؒ کے فرمان ”اتحاد میں طاقت ہے اور تقسیم میں زوال“ کا حوالہ دیتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ اتحاد، محبت اور یکجہتی کے ساتھ ہمیں آج یہ عہد کرنا ہوگا کہ شہر کے خلاف ہر منفی سوچ کو مسترد کریں گے اور کراچی کو دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے،میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کو ترقی کی راہ پر واپس لانے کے لیے میں تیار ہوں، کیا آپ سب تیار ہیں؟ انہوں نے شرکاء کے ساتھ ”سلام پاکستان“ اور ”پاکستان زندہ باد“ کے نعرے بھی لگوائے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو کراچی، سندھ اور پاکستان کی مٹی سے وفادار رہنے اور ملک و قوم کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

جواب دیں

Back to top button