پنجاب کے بیشتر بلدیاتی اداروں کے پاس سینٹری ورکرز کے لئے حفاظتی سامان موجود نہیں۔پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے ڈیش بورڈ پر موصول ہونے والی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد 229 بلدیاتی اداروں کو ایک ماہ کے اندر حفاظتی سامان خریدنے اور سینٹری ورکرز کی حفاظت یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر کی جانب سے جاری مراسلہ میں تمام بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر گیس سلنڈر، سر کی حفاظت کے لیے کور، ربڑ کے جوتے، گیس ماسک، چشمیں، باڈی اور ہینڈ پروٹیکٹر وغیرہ سمیت وافر تعداد میں حفاظتی سازوسامان خریدیں اور مذکورہ خط میں دی گئی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کریں۔حفاظتی انتظامات اور آلات نہ ہونے کی وجہ سے سینٹری ورکرز کے اموات کے بعد پنجاب کے 229 بلدیاتی اداروں سے پی ایم ڈی ایف سی کے ڈیش بورڈ پر تفصیلات حاصل کی گئی تھیں ۔جس کا جائزہ لے کر رپورٹ مرتب کی گئی جس میں یہ صورتحال سامنے آئی کہ زیادہ تر مقامی حکومتوں کے پاس سینٹری ورکرز کے لئے حفاظتی سامان کی مقدار بہت کم ہے یا پھر ان کے پاس بلکل نہیں ہے۔بلدیاتی اداروں کو سامان خریدنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے۔چیف آفیسرز کو ایک ماہ میں اس حوالے سے رپورٹ دینے کا پابند کیا گیا ہے۔





