یومِ دفاع پاکستان کی مناسبت سےلاہور ٹاؤن ہال میں ایک پروقار اور پرعظمت تقریب کا انعقاد کیا گیا ہے جس میں کمشنر لاہور نعمانیوسف، ڈی سی لاہور کیپٹن ر علی اعجاز اور پاکستان نیوی و ایئر فورس کے اعلیٰ افسران نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز باقاعدہ مارچ پاسٹ اور پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا، جس کے بعد شہداء کی قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے خصوصی پرفارمنسز پیش کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق یومِ دفاعِ پاکستان 6 ستمبر کو لاہور میں شایانِ شان طریقے سے منانے کے لیے ٹاؤن ہال میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں ضلعی انتظامیہ سمیت سول اور عسکری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کر کے قومی یکجہتی کا عملی ثبوت پیش کیا۔
اس موقع پر کمشنر لاہور نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کے مضبوط دفاع اور بہادروں کا دن ہے جس کی داستانیں رہتی دنیا تک زبان زدِ عام رہیں گی۔ کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ باوقار اور خودار اقوام اپنے ہیروز کی قربانیوں کو ہمیشہ مشعلِ راہ بناتی ہیں اور 6 ستمبر کا جذبہ آج بھی پاکستانی قوم کے دلوں میں زندہ و جاوید ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 1965 کی جنگ میں افواجِ پاکستان اور شہریوں کی بہادری پر لاہور کی فضائیں آج بھی گواہ ہیں اور ہلالِ استقلال کا پرچم ہماری عظیم شجاعت کا نشان ہے۔ تقریب کے دوران بچوں اور فنکاروں نے یومِ دفاع کی مناسبت سے ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کیے جس نے سماں باندھ دیا۔
ڈی سی لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز نے بھی 1965 کے غازیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ دفاعِ وطن کے لیے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور زندہ قومیں اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کرتیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد علی اعجاز کا کہنا ہے کہ بہادر سپاہیوں نے اپنی جانیں نذر کر کے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا اور 1965 کی جنگ میں فوج اور عوام کا لازوال رشتہ ہی اصل کامیابی کا فیصلہ کن عنصر تھا۔
ڈی سی لاہور نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ستمبر کے ناقابلِ تسخیر جذبے سے رہنمائی حاصل کریں اور اپنی تمام تر توانائیاں ملک کی تعمیر و ترقی کے لیے وقف کر دیں۔تقریب میں چیف آفیسر میٹرو پولیٹن کارپوریشن لاہور کلیم یوسف، میٹروپولیٹن آفیسر پلاننگ ڈاکٹر رائے امتیاز حسن، وقاص اصغر، شہزاد رسول اور اسسٹنٹ کمشنرز نے بھی شرکت کی۔






