واپڈا ایتھلیٹ اولمپیئن ارشد ندیم کے اعزاز میں واپڈا ہاؤس میں تقریب،پیرس اولمپکس میں تاریخی کامیابی پر ارشد ندیم کو 50لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ دیا گیا۔

21اگست 2024:واپڈا نے پیرس اولمپکس2024میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو50لاکھ روپے کا انعام دیا ہے۔ چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرستِ اعلیٰ انجینئرلیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی(ریٹائرڈ) نے واپڈا ہاؤس لاہور میں ارشد ندیم کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں انہیں کیش ایوارڈدیا۔ واپڈا کے نوح دستگیرکو بھی ازبکستان میں ہونے والے سٹرانگ مین گیمز2024میں گولڈ میڈل جیتنے پر نقد انعام دیا گیا جبکہ ساؤتھ افریقہ میں ہونے والے کلاسک پاور لفٹنگ چمپیئن شپ میں گولد میڈلز حاصل کرنے والی تین بہنوں سائبل سہیل،ویرونیکا سہیل اور ٹوئنکل سہیل کو بھی کیش ایوارڈز دیئے گئے۔

تقریب میں واپڈا کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد، ممبر فنانس، ممبر واٹر، ممبر پاور، سیکٹری واپڈا/جنرل منیجر(ایڈمن) اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پریزیڈنٹ بھی شریک ہوئے۔

پاکستان کے لیے ایتھلیٹکس میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد یتے ہوئے چیئرمین واپڈانے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔قوموں کی ترقی میں کھیلوں کا اہم کردار ہے، اسی لیے واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے نصف صدی سے کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔واپڈا کے کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔ واپڈا کھلاڑیوں نے کذشتہ دو سالوں میں کامن ویلتھ گیمز، اسلامک سالیڈیریٹی گیمز اور ایشین گیمز سمیت مختلف بین الاقوامی چیمپیئن شپ میں انفرادی اور ٹیم کی سطح پر 44گولڈ میڈلز،15سلور اور 22برانز میڈلز جیتے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے پروقار تقریب کے انعقاد پر واپڈا سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوے ارشد ندیم نے کہا کہ واپڈا سپورٹس بورڈ نے نہ صرف انہیں بلکہ دیگر سینکڑوں کھلاڑیوں کو بھی ملک بھر میں روزگار کے مواقع اور ٹریننگ کی سہولیات فراہم کی ہیں۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں میں ایک ہزار 950کے لگ بھگ کھلاڑی اور آفیشلز وابستہ ہیں۔ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں 66ٹیمیں ہیں جن میں 36مرداور30خواتین کی ٹیمیں شامل ہیں۔اس وقت واپڈا36کھیلوں میں قومی چیمپئین اور21میں رنرز اپ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button