نیب کے ڈپٹی چیئرمین سہیل ناصر اورڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ سے ملاقات، احتساب سہولت سیل کے قیام اور مندرجات پر جامع بریفنگ

قومی احتساب بیورو (نیب)کے ڈپٹی چیئرمین سہیل ناصر اور ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور امجد مجید اولکھ نےڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ سے پنجاب اسمبلی میں ملاقات کی جہاں احتساب سہولت سیل (اے ایف سی) کے قیام اور مندرجات پر جامع بریفنگ دی۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب کی سربراہی میں ڈی جی نیب لاہور نے پنجاب اسمبلی میں ڈپٹی سپیکر کو نئے اے ایف سی کے حوالہ سے بریف کرتے ہوئے کہا کہ احتساب سہولت سیل سپیکر صوبائی اسمبلی کے براہِ راست نگرانی میں گریڈ 20 کے آفیسر کے ماتحت کام کرے گا جس میں کسی بھی معزز ممبر صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) کیخلاف نیب میں درج شکایت کو ابتدائی سکروٹنی کیلئے احتساب سیل کو ریفر کیا جائے گا۔ بعد ازاں احتساب سہولت سیل ابتدائی تحقیقات کے بعد مذکورہ شکایت بذریعہ سپیکر صوبائی اسمبلی نیب کو مذید کارروائی کیلئے واپس ارسال کرے گا۔ ڈپٹی چیئرمین نیب نے احتساب سیل کے قیام کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ ممبران صوبائی اسمبلی کیخلاف درج شکایات کے حوالہ سے اسمبلی اور قومی ادارہ کے مابین باہمی رابطہ کاری بڑھانا اور اعتماد کو فروغ دینا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے مذید کہا کہ نیب آئندہ معزز اراکین صوبائی اسمبلی کیخلاف بے نامی، گمنام اور جعلی ناموں سے درج درخواستوں پر کارروائی نہیں کرے گا بلکہ غلط اور بے بنیاد درخواست پر درخواست دہندہ کیخلاف کارروائی ہوگی۔ انہوں نے مذید کہا کہ نیب افسران کو کسی ایم پی اے کیخلاف تحقیقات درکار ہوئیں تو نیب ٹیم شکایت کی جانچ پڑتال یا انکوائری لیول پر تحقیقات کیلئے اسمبلی خود جائیں گے۔ معزز ممبران اسمبلی کیخلاف شکایات و کیسز پر پیش رفت ریجنل ڈی جی نیب اور سپیکر صوبائی اسمبلی کے مابین رابطہ پر ممکن ہوں گی۔

چیئرمین نیب لیفٹینٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی جاری کردہ ہدایات ہیں کہ معزز ممبران کیخلاف موصول شکایات پر انکے وقار اور شخصی احترام کو ملحوظِ خاطر رکھنا ہوگا۔ تحقیقات کے ابتدائی مراحل میں شکایت کنندگان اور ایم پی ایز دونوں کی شناخت مکمل طور پر صیغہ راز میں رکھی جائیں گی۔ چیئرمین نیب کے ویژن کے مطابق بیوروکریسی، بزنس کمیونٹی اور معزز پارلیمان کے معاملات میں شفافیت اور جوابدہی کے کلچر کو فروغ دیا جارہا ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین نیب سہیل ناصر نے احتساب سہولت سیل ڈرافٹ اور ڈی جی نیب لاہور نے معزز ڈپٹی سپیکر کو شیلڈ حوالہ کی۔ ڈپٹی سپیکر کی جانب سے ڈپٹی چیئرمین نیب و ڈی جی نیب لاہور کو اعزازی شیلڈز دیتے ہوئے مستقبل میں سپیکر آفس کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی گئی۔ انہوں نے مستقبل میں پنجاب اسمبلی اور قومی ادارہ نیب کے مابین باہمی ربط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا تاہم ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں نیب لاہور کے عوامی اقدامات کی بھرپور پزیرائی کی۔

جواب دیں

Back to top button