پنجاب حکومت نے سرکاری دفاتر میں پبلک ڈیلنگ کے لئے اوقات مقرر کر دیئے ہیں،تمام افسران عوام کے لئے صبح 10سے30 :11 تک دفاتر میں موجود رہیں گے۔وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے جاری احکامات میں چیف سیکرٹری سے لے کر ڈپٹی کمشنرز اور محکموں کے سربراہان کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ مقررہ دفتری اوقات میں عام لوگوں کے مسائل سنیں گے اور ان کے ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کریں گے۔
پبلک ڈیلنگ کے اوقات کے دوران متعلقہ افسران دفاتر میں اپنی دستیابی کو یقینی بنائیں گے اور دفتر کے دروازے عام لوگوں کے لیے کھلے رکھیں گے۔فیلڈ وزٹ اور میٹنگز پبلک ڈیلنگ اوقات کے بعد طے کی جائیں گی۔ تمام سرکاری دفاتر (بشمول ماتحت دفاتر، منسلک محکموں، خود مختار اداروں، کمپنیوں اور اتھارٹیز) وزیر اعلٰی کے ان احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔






