صفائی کا کام آؤٹ سورس ہونے سے روزگار کے ایک لاکھ کے قریب نئے مواقع پیدا ہوں گے،بھرتیاں مقامی آبادی سے میں سے کی جائیں گی، ذیشان رفیق

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں صفائی کا کام آوٹ سورس ہونے سے روزگار کے ایک لاکھ کے قریب نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ بھرتیاں مقامی آبادی میں سے کی جائیں۔ سول سیکرٹریٹ میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی اوز کے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی افرادی قوت، مشینری استعمال کرنے کے پابند ہونگے۔ اس لئے تمام مشینری مکمل چالو حالت میں رکھنا ضروری ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے سی ای او بابر صاحب دین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کی زیرنگرانی صفائی کے کام کی آئوٹ سورسنگ کا جائزہ لیتے ہوئے صوبائی وزیر نے صوبہ بھر میں "جے ایس بینک-زندگی” کے زیراہتمام سروے کے عمل میں پیشرفت کی رپورٹ مانگ لی۔ اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ عوام کیلئے صفائی کی معیاری سہولیات فراہم کرنا وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کا فوکس ہے۔ محکمہ لوکل گورنمنٹ کی جانب سے تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کو چیک لسٹ بھجوا دی گئی ہے۔ چیک لسٹ اور دی گئی ٹائم لائن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزیر نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نجی کمپنیوں نے آئوٹ سورسنگ کے عمل میں زبردست دلچسپی ظاہر کی ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت تمام قانونی لوازمات شفاف طریقے سے پورے کئے بغیر کسی کو کنٹریکٹ ایوارڈ نہیں کرے گی۔ ذیشان رفیق نے زور دیا کہ پرائیویٹ کنٹریکٹرز مقامی سطح پر عملے کی بھرتی کو ترجیح دیں۔ مقامی منتخب نمائندوں کو آئوٹ سورسنگ کے ہر مرحلے پر اعتماد میں لیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری شرکت کو یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ صفائی کا کام کنٹریکٹرز کے سپرد کرنے سے پہلے ہر علاقے میں ایک دفعہ زیرو ویسٹ یقینی بنائیں۔ چونکہ یہ ایک نیا نظام ہے اس لئے کنٹریکٹرز کی طرف سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب احسن انداز میں دیا جائے۔ جب صفائی کا نیا نظام بن گیا تو بتدریج پیچیدگیاں ختم ہو جائیں گی۔ وزیر بلدیات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اب تک حاصل ہونے والے تجربات اور چیلنجز سے سیکھ کر آگے بڑھیں گے۔

سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے تمام سی ای اوز کو ہدایت کی کہ سموگ کا سیزن قریب ہے۔ سڑکوں کی صفائی پر خاص توجہ دیں۔ سڑکوں کے کناروں پر برساتی موسم کی گرد فورا صاف کی جائے۔ اس موقع پر ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے اجلاس کو بریفنگ بھی دی۔

جواب دیں

Back to top button