کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیر صدارت ترقیاتی سکیموں کی منظوری کے حوالے سے ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں لاہور، قصور، شیخوپورہ کی 4 ترقیاتی سکیمیں منظوری کیلئے پیش کی گئیں، کمشنر لاہور کی زیر صدارت کمیٹی نے پیش کردہ سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ کمیٹی نے ضلع ننکانہ میں روڈ تعمیر کی سکیم اور تحصیل کمپلیکس قصور کی ریوائزڈ سکیم کی منظوری دی، جبکہ کمیٹی نے پرائمری سکول سپیشل ایجوکیشن رائے ونڈ لاہور عمارت کی تعمیر کی پیش کردہ سکیم اور سپیشل ایجوکیشن نارنگ منڈی شیخوپورہ عمارت تعمیر کی سکیم کی منظوری کو ملتوی کردیا۔ کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ کسی ترقیاتی سکیم میں پرائس ویری ایشن کی مکمل جانچ، سکیم کے معیار اور ڈیڈلائن و ٹائم لائنز کیمطابق تکمیل ناگزیر ہے۔ڈویژنل اجلاس میں منظور شدہ 2 سکیمیں بھی تصحیح/درستگی کی اجازت کیلئے پیش کی گئیں۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ لاہور ڈویژن جاوید رشید چوہان اور لاہور ڈویژن کے ڈویلپمنٹ افسران نے شرکت کی۔





