محکمہ بلدیات، حکومت پنجاب کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے کنٹریکٹرزکا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے مختلف شہروں میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے بذریعہ زوم لنک شرکت کی، جبکہ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں اور پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام شاہد زمان لک بھی شریک ہوئے۔
اس موقع پر 50 سے زائد کنٹریکٹرز نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ ڈیڈ لائن کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔ صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ تمام منصوبوں کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق ہر سائٹ پر سیفٹی پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کنٹریکٹرز فوری طور پر تمام سائٹس پر ڈبل شفٹ میں کام شروع کریں تاکہ منصوبے بروقت مکمل کیے جا سکیں۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے شیخوپورہ اور وہاڑی کے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ کام کی رفتار میں مزید تیزی لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز سے بھی ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کے حوالے سے باقاعدہ رپورٹس حاصل کی جا رہی ہیں۔سیکرٹری بلدیات نے واضح کیا کہ کنٹریکٹرز کی تمام ادائیگیاں بروقت کی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ کام کی رفتار اور معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور تمام کنٹریکٹرز کے درمیان صحت مند مقابلے کی فضا کو فروغ دیا جائے گا۔پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہد زمان لک نے کہا کہ اچھا اور معیاری کام کرنے والے کانٹریکٹرز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ تمام ادائیگیوں کے لیے مطلوبہ فنڈز دستیاب ہیں۔اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق بروقت مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔






