وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے "زیرو پولیو پنجاب” وژن کی روشنی میں ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سے انسدادِ پولیو مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے، جس کے تحت تیسرے روز کے اختتام تک مقررہ اہداف کا 90 فیصد سے زائد حصہ کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ایک اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر آصف ارباب اور تمام اضلاع کے ڈی ڈی ایچ اوز نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران سی ای او ہیلتھ نے ڈی سی لاہور کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مہم کے تیسرے روز مجموعی طور پر 4 لاکھ 32 ہزار 794 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی گئی ہے، جبکہ پولیو ٹیموں نے انتھک محنت کرتے ہوئے 3 لاکھ 3 ہزار 96 گھرانوں تک براہِ راست رسائی حاصل کی ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں نے بھی لاہور میں جاری مہم کی کوریج اور انتظامی انتظامات کو مکمل طور پر تسلی بخش قرار دیا ہے۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے تک رسائی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام سکولوں میں سو فیصد کمپلائنس رپورٹ جمع کرائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مہم کے بینچ مارک کو حقیقی معنوں میں حاصل کیا جائے گا تاکہ لاہور کو پولیو سے پاک شہر بنایا جا سکے۔ ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پولیو فری معاشرے کی تشکیل کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور کا ہر افسر میدان میں موجود ہے اور پانچ سال سے کم عمر کے ہر بچے کو قطرے پلانے کا ہدف ہر قیمت پر پورا کیا جائے گا۔






