​ڈی سی لاہور کا تحصیل شالیمار میں پولیو مہم اور کوٹ خواجہ سعید ہسپتال میں طبی سہولیات کا جائزہ

ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور شہر میں عوامی فلاح و بہبود اور صحت عامہ کے اہداف کے حصول کے لیے متحرک ہے، جس کے سلسلے میں ڈی سی لاہور نے تحصیل شالیمار اور کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کے ہنگامی دورے کیے۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے اسسٹنٹ کمشنر شالیمار اور سی ای او ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے ہمراہ شیر شاہ روڈ پر جاری انسدادِ پولیو مہم کا فیلڈ میں خود جائزہ لیا اور ٹیموں کی کارکردگی کی نگرانی کی۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیلی شیٹس، ڈور مارکنگ اور موبائل ایپ پر ڈیٹا کے اندراج کی پیش رفت کو باریک بینی سے چیک کیا اور ہدایت کی کہ ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب کو پولیو فری بنانا اولین ترجیح ہے، اس لیے انکاری والدین کو ویکسینیشن پر آمادہ کرنے کے لیے مقامی اثر و رسوخ اور عوامی نمائندوں کا تعاون حاصل کیا جائے۔ پولیو مہم کے معائنے کے بعد ڈی سی لاہور نے کوٹ خواجہ سعید ہسپتال کا رخ کیا، جہاں انہوں نے ایم ایس اور اے سی شالیمار کے ہمراہ مختلف وارڈز اور سیکشنز کے آپریشنز کا معائنہ کیا۔ ڈی سی لاہور نے ہسپتال ضلعی انتظامیہ لاہور کو سختی سے ہدایت کی کہ مریضوں کے لیے تمام ضروری ادویات کا مناسب اسٹاک ہر صورت یقینی بنایا جائے اور شہریوں کو بلا امتیاز بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو صحت کی معیاری سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ لاہور کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button