ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ لاہور نے شہر بھر میں مہنگائی پر قابو پانے اور سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے فیلڈ کارروائیوں میں تیزی پیدا کر دی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ ڈی سی لاہور کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ روز پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہر کے مختلف حصوں میں مجموعی طور پر 6546 انسپکشنز کیں،
جن کے دوران قیمتوں میں خود ساختہ اضافے اور گراں فروشی کی 80 خلاف ورزیاں رپورٹ ہوئیں۔ ان خلاف ورزیوں پر فوری ایکشن لیتے ہوئے انتظامیہ نے گراں فروشوں پر 6 لاکھ 9 ہزار 500 روپے کے بھاری جرمانے عائد کیے۔ کارروائی کو مزید سخت بناتے ہوئے متعدد سنگین خلاف ورزیوں پر 10 افراد کو موقع پر گرفتار کیا گیا جبکہ 10 دکانوں کو سیل کر دیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ لاہور کی ان مسلسل کوششوں اور موثر سپلائی چین مینجمنٹ کی بدولت مارکیٹ میں سبزیوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں واضح کمی اور استحکام دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارکیٹ میں پیاز کی قیمت 70 روپے سے کم ہو کر 57 روپے فی کلو تک آ گئی ہے، جبکہ بھنڈی کے نرخ 200 روپے سے کم ہو کر 150 روپے کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ لاہور مارکیٹ میں طلب و رسد کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے مکمل سپلائی چین کی نگرانی کر رہی ہے اور شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پوری ٹیم فیلڈ میں متحرک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ناجائز منافع خوری کے خاتمے تک یہ مہم جاری رہے گی اور عوام کی سہولت کے لیے ہیلپ لائن نمبر 03070002345 اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بھی فعال کر دیے گئے ہیں تاکہ شہری اپنی شکایات براہِ راست درج کروا سکیں۔





