ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ لاہور شہر کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے متحرک ہے، جس کے تسلسل میں ڈی سی لاہور نے ڈیفنس روڈ اور گلاب دیوی ہسپتال کا تفصیلی دورہ کر کے فیلڈ مانیٹرنگ اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا
۔ دورے کے دوران ڈی سی لاہور نے واسا حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ مون سون کی آمد سے قبل شہر کے تمام بڑے نالوں کی ڈی سلٹنگ کا عمل ہر صورت مکمل کیا جائے اور نکاسی آب کے آپریشنز کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران واٹر لاگنگ جیسے مسائل کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ایل ڈبلیو ایم سی حکام کو بھی صفائی کے اقدامات مزید بہتر بنانے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ صفائی کا براہ راست تعلق عوامی صحت سے ہے، اس لیے اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ بعد ازاں، ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے گلاب دیوی ہسپتال کے انتظامی امور اور طبی سہولیات کا معائنہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مریضوں کو بلا امتیاز بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ہسپتال کے اندرونی و بیرونی حصوں میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جائے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ لاہور وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے اور تمام حفاظتی انتظامات کو وقت سے پہلے حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔





