زرعی اراضی کا بغیر پلاننگ کمرشل استعمال ریگولرائز کرنا ہوگا،نئے ہاؤسنگ منصوبے ضروری ،غیر قانونی سکیموں کا قیام روکنا بھی اہم ہے، ذیشان رفیق

زرعی اراضی کا کمرشل استعمال ریگولرائز کرنے کے حوالے سے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ وزیر زراعت سید عاشق حسین کرمانی، سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے نمائندوں اور متعلقہ افسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر پنجاب میں زرعی اراضی کا کمرشل استعمال ریگولرائز کرنے کی تجاویز اور ہائوسنگ سکیموں کے لینڈ ماسٹر پلان کی منظوری کیلئے صوبائی اتھارٹی کے قیام پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ مختلف سرکاری محکموں کے ایک ہی کام کرنے سے پیچیدگی پیدا ہوتی ہے۔ اس تناظر میں صوبائی سطح پر ایک اتھارٹی کا قیام ضروری ہے تاکہ ایک ہی پلیٹ فارم سے شہریوں اور ڈویلپرز کو تمام سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہروں کے قریب زرعی اراضی کا بغیر پلاننگ کمرشل استعمال ریگولرائز کرنا ہوگا کیونکہ ماسٹر پلان کے بغیر شروع کی گئی سکیموں سے نہ صرف انتظامی بلکہ ماحولیاتی مسائل بھی پیدا ہوتے ہیں۔ کمرشل سکیموں میں شفافیت کے لئے نئی قانون سازی بھی کریں گے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ آبادی میں اضافے کے ساتھ نئے ہائوسنگ منصوبے ضروری ہیں تاہم غیر قانونی سکیموں کے قیام کو روکنا بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈویلپرز اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے استحکام کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ اس شعبے کے ساتھ وابستہ افراد کے روزگار کو تحفظ دیا جا سکے۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ بغیر منظوری سکیموں سے شہریوں کا استحصال ہوتا ہے۔ لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کو ہدایت کی کہ نئے سیٹ اپ کو مکمل ڈیجیٹائز بنایا جائے تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ آسانی مل سکے۔ سنیئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے اجلاس کو پراپرٹی ٹرانسفر کے طریقہ کار پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیر زراعت و لائیوسٹاک سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ صوبائی سطح پر اتھارٹی کے قیام سے شفافیت آئے گی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے ریگولرائزیشن سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر پر عوام کا اعتماد بڑھے گا۔ اجلاس میں شریک رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے نمائندوں نے پنجاب حکومت کے اقدام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہمارے تحفظات کو اچھی طرح دور کیا گیا۔ ہم وزیراعلی مریم نواز شریف کے اس عوام دوست اقدام کی کامیابی کے لئے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button