وزیر اعلٰی گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کے خصوصی احکامات پر صوبہ بھر میں آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے سدباب کیلئے معاون خصوصی ایریگیشن و واٹر منیجمنٹ حسین شاہ کی زیر صدارت ایک اعلٰی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلٰی گلگت بلتستان کے سیکریٹری سخاوت حسین، ڈپٹی کمشنر گلگت اور محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر معاون خصوصی حسین شاہ نے کہا کہ آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں میں اضافہ تشویشناک ہے اور یہ بڑھتی ہوئی صورتحال فوری توجہ کی متقاضی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے ان واقعات کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات بروئے لار لانے کی ہدایت جاری کی ہے۔
● اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آوارہ کتوں سے جانی نقصان کو روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کارپوریشن ہنگامی بنیادوں پر کتوں کو تلف کرنے کی مہم فوری شروع کرینگے۔
● محکمہ لائیو سٹاک کتوں کی آبادی میں اضافے کو روکنے کے لیے پالتو کتوں کی ویکسینیشن اور آوارہ کتوں کی۔نس بندی کے لیے فوری اقدام کرے گا۔
● اجلاس میں محکمہ صحت کو ہدایت جاری کی گئی کہ ہیلتھ پروٹوکول اور ڈبلیو ایچ او کے رہنما اصول و ضوابط کے مطابق گلگت بلتستان کے تمام ہسپتالوں میں اینٹی ریبیز ویکیسین سمیت تمام مطلوبہ ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائی جائے،
● علاوہ ازیں محکمہ اطلاعات پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر عوام الناس کے لیے آگاہی مہم شروع کرےگا تاکہ عوام آوارہ کتوں کے تدارک کیلئے ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور تمام احتیاطی تدابیر بھی بروئے کار لائیں۔