پنجاب حکومت لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 میں ترامیم کے بعد ہی بلدیاتی انتخابات کروائے گی

پنجاب حکومت نےلوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء میں ترامیم کا فیصلہ کر لیا ہے۔بلدیاتی انتخابات کی بجائے بلدیاتی نظام کو فوکس کر لیا گیا ہے۔ صوبائی حکومت کے مطابق پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022 میں نقائص کی دوری کے لیے ترامیم تجویز کی جائیں گی ۔ ایکٹ میں ترامیم کے لیے تمام متعلقہ محکموں سے تجاویز لی جائیں گی۔ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022ء میں مجوزہ ترامیم کے جائزہ کے لیے کمیٹی تشکیل دی جارہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور و وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نے پنجاب سول سیکرٹریٹ دربار ہال میں کابینہ کی سٹیڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی و نجی کاری کے دوسرے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں صوبائی وزیر برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس ملک صہیب احمد بھرتھ، وزیر برائے لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹری صاحبان شامل تھے۔ اجلاس میں پانچ نکاتی ایجنڈہ زیر بحث لایا گیا صوبائی وزیر برائے لوکل گورنمنٹ ذیشان رفیق کے مطابق لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2022میں ترامیم کا مقصد ایکٹ میں موجودسقم دور کرنا اور اسے موثر بنانا ہے۔

جواب دیں

Back to top button