جرمن سفیر برائے پاکستان اینا روت لوئز لیپل نے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ (سینٹر آف ایکسیلنس) چھلمش داس،گلگت کا خصوصی دورہ کیا۔ان کی آمد پر سیکریٹری ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ گلگت بلتستان فرید احمد، ڈائریکٹر ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن پروفیسر اویس احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ایجوکیشن انجینئر عاصم علی، ڈائریکٹر NAVTTC گلگت بلتستان ذیشان علی، جی آئی زیڈ جی بی کی اکاؤنٹ منیجر مس شہزادی اور پرنسپل سینٹر آف ایکسیلنس گلگت سید شبیہ الحسن نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا۔دورے کا آغاز ادارے کے احاطے میں شجرکاری کی تقریب سے ہوا

جو ماحول دوست سرگرمیوں اور پائیدار مستقبل کے عزم کی علامت تھی۔اس کے بعد محترمہ لیپل نے ڈپلومہ لیول 5 کے کلاس رومز اور مختلف شارٹ کورسز کے تربیتی سیکشنز کا معائنہ کیا جن میں ٹورازم اینڈ ہوسپیٹیلیٹی مینجمنٹ، ارلی چائلڈ ہُڈ کیئر اینڈ ایجوکیشن (ECCE)، پروفیشنل شیف، آرٹیفیشل انٹیلیجنس، بیوٹیشن اور جنرل الیکٹریشن شامل تھے۔دورے کے دوران سیکریٹری فرید احمد اور ڈپٹی ڈائریکٹر نے محترمہ سفیر کو جاری تربیتی پروگرامز ،ادارے کی سہولیات اور گلگت بلتستان میں فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ سفیر نے طلباء و طالبات سے بھی ملاقات کی اور ان کے جذبے، مہارت اور سِکل ڈویلپمنٹ کے عزم کو سراہا۔بعد ازاں پرنسپل آفس میں انجینئر عاصم علی نے گلگت بلتستان میں فنی تعلیم کی ترقی پر ایک جامع ویڈیو ڈاکیومنٹری اور بریفنگ پیش کی، جس میں سینٹر آف ایکسیلنس گلگت کی سابقہ حالت سے موجودہ جدید و ترقی یافتہ شکل تک کے سفر کو اجاگر کیا گیا۔دورے کے اختتام پر محترمہ سفیر نے اپنے تاثرات میں گلگت بلتستان حکومت اور جرمنی کے مابین معیاری فنی و پیشہ ورانہ تعلیم کے فروغ میں اشتراک کو سراہا اور اس کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور خطے کی سماجی و معاشی ترقی میں کردار کو انتہائی اہم قرار دیا اور مستقبل میں بھی فنی تعلیم میں بھر پور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔






