کمشنر لاہور زید بن مقصود نے تبلیغی اجتماع انتظامات کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ رائے ونڈ مرکز کا دورہ کیا۔ تمام محکموں کے افسران نے کمشنر لاہور کو انتظامات بارے بریفنگ دی۔ سیکیورٹی انتظامیہ کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ سکیورٹی و ٹریفک انتظامات کیلئے پولیس اور ٹریفک پولیس کے افسران و وارڈنز تعینات کر دیے گئے ہیں
جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اجتماع کیلئے 10 بستروں پر مشتمل ہسپتال اور 6 میڈیکل ڈسپینسریز بھی قائم کی گئیں ہیں۔ کمشنر لاہور نے کہا ہے کہ تبلیغی اجتماع رائے ونڈ کا پہلا مرحلہ کل 31 اکتوبر سے شروع ہو گا اور 3 نومبر 2024 تک جاری رہے گا، مانیٹرنگ کے لیے اضافی سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے ہیں، انتظامیہ اور منتظمین میں مکمل رابطہ ہے۔ انہوں نے منتظمین مرکز سے بھی ملاقات کی۔ منتظمین تبلیغی اجتماع نے میونسپل و سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی سی لاہور سید موسی رضا، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر فیصل کامران، ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق، اے سی رائے ونڈ ڈاکٹر زینب طاہر، ایل ڈبلیو ایم سی، لیپارک، ریسکیو 1122، واسا و دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔