ستھرا پنجاب پروگرام کی مانیٹرنگ کیلئے مرکزی کنٹرول روم قائم،وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کنٹرول روم کا دورہ کر کے ضروری ہدایات جاری کیں

وزیر اعلٰی مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی سیکرٹریٹ میں مرکزی کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کنٹرول روم کا دورہ کر کے ضروری ہدایات جاری کیں۔ نوقائم شدہ کنٹرول روم میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کا بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس بھی ہوا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے صدارت کی جبکہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں بھی موجود تھے۔ سپیشل سیکرٹری آسیہ گل نے صوبائی وزیر کو کنٹرول روم کے امور پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ تمام سی ای اوز باقاعدگی کے ساتھ کارکردگی کی رپورٹ کنٹرول روم کو جمع کرائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے میں صفائی کے لئے وزیراعلی مریم نواز کے مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے یہ ہدایت بھی کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز، ضلعی انتظامیہ اور کنٹریکٹرز تین ماہ کے اندر تمام پیچیدگیوں کو دور کرنے کے موثر اقدامات کریں۔ کنٹریکٹرز کی مانیٹرنگ کا چار درجاتی نظام وضع کیا گیا ہے۔ تحصیل، ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر کنٹرول روم قائم کر دیے گئے۔ وزیر بلدیات نے زور دیا کہ دیہات میں صفائی کے میکانزم پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے جہاں پہلی بار حکومتی سطح پر صفائی کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ ذیشان رفیق نے خبردار کیا کہ شہریوں کی شکایات پر فوری ایکشن نہ لیا تو کارروائی کی جائے گی۔ عملہ صفائی کی مانیٹرنگ کیلئے آرٹیفیشل انٹیلیجنس کو بروئے کار لایا جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اہداف کے حصول کے لئے کنٹریکٹرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں نے تمام سی ای اوز کو ڈیش بورڈ اپ ڈیٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے ابتدائی مرحلے کے لئے فنڈز کا اجرا کر دیا گیا۔ اس کے باجود کوئی مسئلہ ہو تو براہ راست مجھ سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button