59 شہروں میں سیوریج مسائل کے حل کے منصوبے تیار کئے جا رہے ہیں،برساتی پانی کے نکاس کیلئے 15 شہروں میں زیر زمین واٹر ٹینک بنائے جا رہے ہیں، ذیشان رفیق کا پی ایم ڈی ایف سی کے دورے میں خطاب

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے دورے میں ہونے والی ایک بریفنگ کے موقع پر ہدایت کی ہے کہ سیوریج پلاننگ اگلے 25 سال کی ضروریات مدنظر رکھ کر کی جائے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب شکیل احمد میاں بھی اجلاس میں موجود تھے۔ پی ایم ڈی ایف سی کے مینجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے صوبائی وزیر کو مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر سیوریج مسائل کے حل کا جامع منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت پی ایم ڈی ایف سی 59 شہروں میں سیوریج سسٹم کے منصوبے تیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کا نکاس بھی اسی منصوبے کا حصہ ہے۔ متعلقہ علاقوں میں سیوریج لائن ڈالنے کے بعد گلیوں کو بھی پختہ کیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ شہروں کے مسلسل پھیلائو اور نئی سڑکوں کے راستوں کو مدنظر رکھ کر پلاننگ کریں گے تاکہ بعدازاں سیوریج سکیموں کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ برساتی پانی کے نکاس کیلئے 15 شہروں میں زیر زمین واٹر ٹینک بنائے جا رہے ہیں جس سے نہ صرف بوقت ضرورت محفوظ پانی کو استعمال کیا جا سکے گا بلکہ زیر زمین سطح آب بھی بہتر ہوگی۔ وزیر بلدیات نے یہ ہدایت بھی کی کہ ہر منصوبے کے ساتھ شجرکاری اور تزئین و آرائش کا لازمی خیال رکھا جائے۔ آبادی میں اضافے کے باعث قبل از وقت ماڈرن اربن پلاننگ ناگزیر ہے۔

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے پی ایم ڈی ایف سی کو جامع رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی فنڈنگ کے ساتھ پنجاب حکومت بھی ترقیاتی منصوبوں کے لئے مالی وسائل مہیا کر رہی ہے۔

جواب دیں

Back to top button