کمشنر لاہور زید بن مقصود کی زیر صدارت شہر میں غیر قانونی اور غیر منظم ہینگنگ وائرز کیخلاف کاروائیوں کے جائزہ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ لیسکو حکام اور ضلعی انتظامیہ کی جوائنٹ ٹیموں نے غیر قانونی لٹکتی تاروں کے خلاف ایکشن بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں ٹیموں نے جیل روڈ، والٹن روڈ، مین بلیوارڈ، برکت مارکیٹ، حسین چوک اور ایم ایم عالم روڈ پر کاروائیاں کیں، علی زیب روڈ، مین بلیوارڈ، لبرٹی اور ایم ایم عالم روڈ کے 95 فیصد ایریا سے لٹکتی تاروں کو ختم کردیا گیا، ضلعی ٹیمیں ان رجسٹرڈ و ان لائسنسڈ کمپنیوں کی کیبلز کو مکمل طور پر کاٹ کر قبضے میں لے رہی ہیں۔
کمشنر لاہور نے لٹکی تاروں کے خاتمے کے لئے پی ٹی سی ایل اور این ٹی سی کے فوکل پرسنز کو فوری ٹیموں کا حصہ بننے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل اور این ٹی سی اپنے مین ہولز کو کور کریں اس پر کوئی کمپرومائز نہیں، لیسکو ٹیمیں صرف ان رجسٹرڈ و ان لائسنسڈ ہولڈرز کی تاروں کو کاٹیں گی، جہاں انڈر گراونڈ ڈکٹ موجود ہے وہاں پر لائسنسڈ ٹیلیکام کمپنی کی کیبل بھی ڈکٹ سے جائے گی اور جہاں انڈر گراونڈ ڈکٹ موجود نہیں وہاں لائسنس ہولڈر کیبل آپریٹرز کی کیبلز کی کلمپنگ کیجائے۔ کمشنر لاہور کا مزید کہنا ہے کہ ٹیلیکام ایسوسی ایشن، لیسکو، ایم سی ایل، ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں لٹکتی تاروں کے خلاف ایکشن لے رہی ہیں، غیر قانونی و غیر منظم ہینگنگ وائرز کیخلاف کریک ڈاون جاری رہیگا جبکہ مرحلہ وار دائرہ کار پھیلایا جارہا ہے، شہر میں بالعموم اور کئی علاقوں میں بالخصوص بجلی کے کھمبوں کے گرد لٹکتی تاریں حادثات، بدصورتی اور کئی کا مسائل کا سبب ہیں، غیر قانونی تاروں کے خاتمے سے رجسٹرڈ ٹیلیکام کمپنیز کے کاروبار کو فروغ ملے گا اور ان رجسٹرڈ کو قانون کے دائرے میں لایا جائے، ڈویژنل اجلاس میں پاکستان ٹیلیکام ایکسیس پروائیڈرز ایسوسی ایشن(پٹاپا) نے غیر منظم لٹکتی تاروں پر ایکشن کی حمایت کی تھی۔






