وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن ستھرا پنجاب کامیابی سے جاری ہے۔اس سلسلے میں ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے یوسی 148 میں گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کے افتتاح کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ عوام تک صحت کی سہولیات پہنچانے کے لیے دن رات کام کر رہے ہیں صحت مند زندگی کے لیے صفائی لازمی جزو ہے۔وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر وزیرِ بلدیات پنجاب ذیشان رفیق،سیکرٹری بلدیات میاں شکیل اور سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کی زیر نگرانی اس وقت صوبے کی ہر تحصیل،ہر گاؤں اور ہر یونین کونسل میں صفائی کا کام ہو رہا ہے۔ پورے پنجاب میں صفائی کے لیے عملہ،نئی گاڑیاں اور لوڈر رکشے فراہم کر دئیے گئے ہیں۔ صفائی نظام برقرار رکھنے کے لیے شہری صفائی کرنے والے عملے سے تعاون کریں۔ہر شہری خود سے وعدہ کرے کہ کوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ہی ڈالیں گے۔ اس موقع پر سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کے کہنے پرلاہور اور پورے صوبے میں کام کرنے والے صفائی عملے کے لیے شرکاء نے تالیاں بجا کر خراجِ تحسین پیش کیا۔مزید برآں بٹ چوک، تاج پورہ سکیم، بابری مسجد، امیر الدین پارک، اتوار بازار پوائنٹ، علی چوک میں گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کا آغازکر دیاگیا ہے اورعمیر علی روڈ، ایاز ٹاؤن، تنویر آباد، حبیب کبریا مسجد، جمال مصطفیٰ پارک، بسم اللہ پارک میں بھی ایل ڈبلیو ایم سی رکشہ ٹیموں کو ورکنگ کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔شہر لاہور میں 50 سے زائد یونین کونسلز میں گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ہر یونین کونسل میں 8 سے 10 لوڈر رکشے ویسٹ کولیکشن کیلئے تعینات کئے گئے ہیں۔ہر روز 2 نئی یونین کونسلز میں ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ شہر لاہور کی 274 یونین کونسلز میں گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کیلئے پر عزم ہیں۔






