نیپالاہور کے سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کابلدیہ عظمیٰ کراچی کا دورہ،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی وفد کو تفصیلی بریفنگ

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی ملک کی اقتصادی شہ رگ اور کمرشل حب ہے، ملک کی ترقی کا انحصار کراچی کی ترقی پر ہے، ہمیں اپنے اہم شہروں کی مثبت مارکیٹنگ کرنی ہوگی، پاکستان پیپلز پارٹی کو اس شہر کے لوگوں نے مینڈیٹ دیا ہے اور لوگوں کی توقعات کے عین مطابق منتخب بلدیاتی نمائندے شہری مسائل کے حل میں اپنا کردارادا کررہے ہیں، شہر بھر میں ترقیاتی کام جاری ہیں

اورہرممکن کوشش کر ر ہے ہیں کہ کراچی کو پھر سے روشنیوں کا شہر بنایا جائے، یہ بات انہو ں نے کے ایم سی کے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (NIPA) لاہور کے 38 ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء پر مشتمل وفد سے صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ کراچی افضل زیدی، مشیر مالیات گلزار ابڑو، میئر کراچی کے سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق احمداور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ کراچی کے متعلق ایک منفی تاثر دینے کی کوشش کی جاتی ہے جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ماضی کے مقابلے میں کراچی میں امن وامان کی صورتحال خاصی بہتر ہے اوریہاں صنعتی و کاروباری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری ہیں جن کی بدولت آج یہ شہر تیزی سے ترقی کی جانب گامز ن ہے۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت کراچی کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوشاں ہے اور مختلف شعبوں میں بہتری لانے کے لئے مسلسل اقدامات جاری ہیں، میئر کراچی نے کہا ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ کراچی چلے گا تو ملک ترقی کرے گا، یہاں صنعتی و کاروباری سرگرمیاں بڑھیں گی تو اس شہر اور ملک کے لوگوں کو روزگار کے مواقع حاصل ہونگے، تعلیمی اداروں کا معیار بلند ہوگا تو یہاں سے مختلف مہارتوں کی حامل افرادی قوت دستیاب ہوگی، شہری انفرا سٹرکچر کو ترقی ملنے سے روزمرہ کے مسائل حل ہونگے اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر ہوگا، ان تمام مقاصد کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ ہم سب اپنے شہر کو اون کریں اور اس کی بہتری وترقی کے لیے ہونے والے کاموں میں صوبائی اور شہری حکومت سے تعاون کریں، میئر کراچی نے کہاکہ ہمیں اپنے گھروں کی طرح اپنے شہر کو صاف ستھرا رکھنا ہے، کراچی کی قدر کریں، یہ ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں ہے، کراچی میں آج بھی دس سے بارہ ہزار لوگ روزانہ آتے ہیں اور یہ شہر کھلے دل کے ساتھ ہر ایک کو خوش آمدید کہتا ہے، کراچی میں پاکستان کے مختلف شہروں سے لوگ آتے اور کراچی کے اسپتالوں میں آکر مفت علاج کراتے ہیں، اندرون ملک کے علاوہ بیرون ملک سے بھی مریض جناح اسپتال میں دستیاب سائیبر نائف کی جدید ترین سہولت سے استفادہ کرتے ہیں، دنیا بھر میں کہیں بھی کوئی ایسی مفت سہولت دستیاب نہیں ہے جس کا انتظام کراچی میں سندھ حکومت نے کیا ہے، انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں ترقی کے لئے بہتر اور جامع منصوبہ بندی اور اس پر بروقت عملدرآمد اہمیت کا حامل ہوتا ہے جبکہ نگرانی کا موثر نظام ترقیاتی کاموں کی وقت پر تکمیل کو یقینی بناتا ہے یہی مینجمنٹ کا بنیادی اصول ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت کراچی سمیت سندھ کے تمام شہروں میں اسی اصول کے تحت شہریوں کو بہتر معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہے، ترقی اور بہتری کا یہ عمل جاری رہے گا، اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی نے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کے متعلق تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کے ایم سی کی جانب سے شہریوں کو فراہم کی جانے والی بلدیاتی خدمات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے شرکاء نے اپنے اس دورے کو مفید قرار دیا اور کراچی کے حوالے سے مفید اور معلوماتی تفصیلات فراہم کرنے پر میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر میئر کراچی کو نیپا لاہور کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی گئی۔

جواب دیں

Back to top button